صہیونی فوج نے فلسطینی شہید کا مکان دوبارہ مسمار کردیا

205
مقبوضہ بیت المقدس: قابض فوج شہید ابو اسنینہ کے اہل خانہ کا دوبارہ تعمیر کردہ مکان مسمار کررہی ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں ایک فلسطینی شہید کے اہل خانہ کا مکان دوسری مرتبہ بھاری مشینری استعمال کرتے ہوئے مسمار کردیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق منگل کو علی الصبح قابض صہیونی انتظامیہ نے مسجد اقصیٰ کے جنوبی قصبے سلوان میں شہید ابو اسنینہ کے اہل خانہ کا دوبارہ تعمیر کردہ عارضی مکان بھی مسمار کردیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج اور اسرائیلی بلدیہ کے اہل کاروں نے عبدالکریم ابو اسنینہ کے مکان کا محاصرہ کیا اور اس کے بعد بلڈوزر کی مدد سے اسے گراد دیا گیا۔ واضح رہے کہ عبدالکریم ابو اسنینہ کا مکان ایک ہفتے قبل مسمار کردیا گیا تھا جس کے بعد متاثرہ شہریوں نے مکان کے ملبے پر عارضی طور پر ایک ٹھکانہ تعمیر کیا تھا۔ گزشتہ روز قابض فوج نے اسے دوبارہ مسمار کرکے اپنی غنڈہ گردی اور انسانیت دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔