وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے اہم ملاقات‘ نئی امریکی پالیسی پر گفتگو

278
جدہ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کررہے ہیں‘ اسحاق ڈار اور خواجہ آصف بھی موجود ہیں

ریاض/جدہ (خبر ایجنسیاں) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی جس میں نئی امریکی پالیسی پر گفتگو کی گئی‘ شاہد خاقان عباسی نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستانی کردار سے آگاہ کیا۔ وونوں رہنماؤں کا باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا‘ محمد بن سلمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔ وزیراعظم کو حج سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے امریکی صدر کی جنوبی ایشیا سے متعلق پالیسی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اپنے دوست ممالک کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں بدھ کو پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سعودی عرب کے دورہ پر جدہ پہنچ گئے‘ شاہ عبد العزیز ائر پورٹ پر مکہ کے ڈپٹی گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز نے ان کو خوش آمدید کہا۔



وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سعودی ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا اعادہ کیا گیا ۔ وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کے ویژن کے ترقیاتی ایجنڈے 2030ء کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی غیرمعمولی کاوشوں پر روشنی ڈالی ۔ وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کو امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار سے بھی آگاہ کیا اور سعودی عرب کی خود مختاری کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ سعودی ولی عہد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا ۔ اس موقع پرشہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ توقع ہے مستقبل میں باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے‘ سعودی عرب مضبوط اور مستحکم پاکستان کو انتہائی اہمیت دیتا ہے‘ امید ہے پاکستان چیلنجز پر قابو پا کر ترقی اور خوشحالی کی جانب بڑھے گا ۔



وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو دورہ میں عازمین حج کودی گئی سہولیات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ اسحق ڈاربھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری بھی دی‘ انہوں نے نوافل ادا کیے‘ ملک کی سلامتی خوشحالی اور مسلم امہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی۔