اسلام آباد‘ سستے بازار میں آتشزدگی‘ ایک ہزار اسٹالز جل کر خاکستر

207
اسلام آباد:پشاور موڑ بازار میں لگنے والی آگ نے کپڑوں کے اسٹال کو لپیٹ میں لے رکھا ہے

اسلام آباد (آن لائن ) وفاقی دارالحکومت کے مرکزی علاقے سیکٹر ایچ نائن میں واقع سستے بازار میں لگنے والی آگ سے تقریباً ایک ہزاراسٹالز جل کر خاکستر ہوگئے‘ 95 فیصد کے قریب مکمل طور پر خاکستر ہوگئے جب کہ 5 فیصد اسٹالز کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ کچرے کے ڈھیر کو ٹھکانے لگانے کے لیے لگائی آگ نے تیز ہوا کے باعث وہاں لگے پرانے کپڑوں کے اسٹالز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے تقریباً ایک ہزار اسٹالز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا‘ واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا لیکن تمام ترکوششوں کے باوجود آگ پر قابو نہ پایا جاسکا اور آگ بازار کے بیشتر حصے میں پھیل گئی جس پر شہر بھر سے فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیوں کے علاوہ سرکاری اور نجی کمپنیوں کے واٹر ٹینکر بھی منگوالیے گئے۔



اس موقع پر وہاں موجود ایس ایس پی آپریشنز ساجد کیانی نے میڈیا کو بتایا کہ شکر ہے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب سستا بازار کے تاجروں کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کا عملہ اطلاع ملنے کے باوجود تاخیر سے پہنچاجس کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کی۔ اسلام آباد کے میئر شیخ انصر سستا بازار پہنچے تو شہریوں اور تاجروں نے ان سے امدادی ٹیموں اور فائر بریگیڈ کے جائے وقوع پر تاخیر سے پہنچنے پر احتجاج کیا جس پر میئراسلام آباد نے انہیں تاخیر کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔ تحریک انصاف کے اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے بھی جاے حادثہ کا دورہ کیا۔ انتظامیہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔