جے آئی ٹی ارکان پر کسی اور کا ہاتھ تھا‘ ناانصافی کی گئی‘ ن لیگ

202
لاہور: شریف خاندان کے وکیل امجد پرویز پریس کانفرنس کررہے ہیں‘ خواجہ سعد رفیق اور رانا ثنا اللہ بھی موجود ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے رہنمااور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے بننے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو کنٹرول کوئی اور کررہا تھا، نواز شریف کو فیئر ٹرائل کا حق نہ دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کی گئی ہے، نیب کے نوٹس کا تحریری جواب دے دیا ہے،مسلم لیگ ن نے کبھی بھی اداروں سے تصادم یا ٹکراؤ کی بات نہیں کی، شریف خاندان نے ہمیشہ آئین و قانون کا ساتھ دیا، عدالت عظمٰی سے استدعا ہے کہ ہماری شکایات اور تحفظات پر ہمدردانہ غور کیا جائے۔ وہ وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ اور وکیل امجد پرویز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔



خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم پاکستان کی سب سے بڑی اور ذمے دار جماعت ہیں، ہمارے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، وہ راستہ اختیار کیا گیا ہے جو پاکستان کے کسی دوسرے فرد کے لیے اختیار نہیں کیا گیا۔ہم بار بار انصاف مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی طرف سے تازہ بیان میں بھارت کی تعریفیں کی گئی ہیں اور پاکستان کی قربانیوں پر پانی پھینک دیا گیا ہے۔ ملک خطرات میں گھرا ہوا ہے ،ایسے حالات میں ملک تقسیم کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کہانی آف شور کمپنی کی بنائی گئی، منی لانڈرنگ کا افسانہ گھڑا گیا اور بات اقامے پر ختم ہوئی یہ کیا ہے۔ جو فیصلے لوگوں کو تقسیم کر دیں وہ فیصلے تاریخ میں اچھے الفاظ سے یاد نہیں رکھے جاتے۔



انہوں نے کہا کہ حلقہ 120کی عوامی عدالت بھی جلد لگنے والی ہے،وہاں بھی لوگوں کا فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔ عدالت عظمیٰ سے استدعا ہے کہ ہماری شکایات اور تحفظات پر ہمدردانہ غور کیا جائے تا کہ لوگوں کو یقین آئے، لوگ مایوس ہو رہے ہیں جو کہ بڑی خطرناک بات ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نیب صرف مرہی نہیں گیا بلکہ دفن بھی ہوچکا ہے۔ نیب میں روح کہاں سے پھونکی گئی ہے کہ ایک مردہ مرنے اور دفن ہونے کے بعد برق رفتاری سے کام کر رہا ہے۔ شریف خاندان کے نیب ٹیم کے سامنے پیش ہونے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایسی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا فائدہ ہی نہیں جس کو پہلے ہی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا گیا ہو۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کی گئی ہے ،شریف فیملی نے نیب نوٹس کا تحریری جواب دیا ہے۔