ایم کیو ایم پاکستان نے کانفرنس کا دعوت نامہ نہیں دیا تھا،نثار کھوڑو

141
نثار کھوڑو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کرکے صرف زبانی کانفرنس کی بات کی اور کانفرنس کا دعوت نامہ نہیں دیا نہ ہی کانفرنس کا موضوع بتایا گیاتھا، شاید ایم کیوایم پاکستان کی کثیر الجماعتی کانفرنس وفاقی حکومت کے کراچی کے لیے 25ارب روپے کے پیکیج کے لیے لابی بنا نا تھی، اگر ڈاکٹر فاروق ستار کانفرنس کی آڑ میں کراچی پیکیج کے لیے لابی بنا رہے تھے تو پیپلز پارٹی اس کانفرنس کا حصہ کیسے بن سکتی تھی۔ہوسکتا ہے ایم کیو ایم پاکستا ن نے لندن کے کہنے پر کانفرنس ملتوی کی ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر شاہ ،وقار مہدی ، راشد ربانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔



نثاراحمد کھوڑونے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم پاکستان کی کثیر الجماعتی کانفرنس میں پیپلز پارٹی کی حمایت کرنے کے متعلق غلط بیانی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کانفرنس کے متعلق ملاقات کرنے کے لیے وقت مانگا تھا اور ان کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کرکے صرف زبانی کانفرنس کی بات کی اور کانفرنس کا دعوت نامہ نہیں دیا اور نہ ہی کانفرنس کا موضوع بتایا گیاتھا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کو ان کی کانفرنس میں شرکت کرنے کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی تھی اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے فیصلے پر ہم نے ایم کیو ایم کی کانفرنس میں شرکت نہیں کی ۔انہو ں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دیرینہ مخالف دھڑے اگر آپس میں مل رہے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔