کیریبین پریمیئر لیگ، گیل کی 93 رنز کی دھواں دار اننگز رائیگاں

148
گیانا: کیئربیئن لیگ میں سینٹ کٹس کے بلے باز کرس گیل رن لینے کے دوران ففٹی مکمل کرتے ہوئے 

پورٹ ا سپین (جسارت نیوز) کیریبین پریمیئر لیگ میں ٹرنبیگو نائٹ رائیڈرز نے سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریٹس کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 8 وکٹوں سے ہرا دیا، میک کولم اور براوو نے جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو ایونٹ میں 7ویں کامیابی دلائی، گیل کی 93 رنز کی طوفانی اننگز رائیگاں گئی۔ براوو نے 10 گیندوں پر 6 چھکوں کی مدد سے 38 ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ سی پی ایل کے 22 ویں میچ کو بارش کے باعث 13 اوورز تک محدود کیا گیا، سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے،



کرس گیل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بولرز کا بھرکس نکال دیا، انہوں نے 8 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 93 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، ایون لیوس 39 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، دوبارہ بارش کی وجہ سے ٹرنبیگو نائٹ رائیڈرز کو فتح کیلئے 6 اوورز میں 86 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 5.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔، برینڈن میک کولم اور ڈیوائن براوو نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بولرز کی خوب دھنائی کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، میک کولم 14 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 40 جبکہ براوو 10 گیندوں پر 6 چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔