کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز کا قیام قابل تحسین ہے ‘وقار یونس

233
لاہور:ڈی جی اسپورٹس پنجاب ذوالفقار گھمن سابق ہیڈ کوچ وقار یونس کو سوینیئر دے رہے ہیں 

لاہور (جسارت نیوز )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ ا سپورٹس کے فروغ کیلئے ا سپورٹس بورڈ پنجاب گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کی اسپورٹس لوور پالیسی سے نوجوانوں کی بڑی تعداد اسپورٹس کی جانب راغب ہورہی ہے، ا سپورٹس بورڈ پنجاب کا کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز کے قیام کا اقدام قابل تحسین ہے، کرکٹ اکیڈمی میں لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس نوجوانوں کو تربیت دے رہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے، ان اکیڈمیز میں سے نوجوان کرکٹر ز کی نئی کھیپ ابھر کرسامنے آئے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ا سپورٹس بورڈ پنجاب میں ڈائریکٹر جنرل ا سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ا سپورٹس جرنلسٹسایسوسی ایشن آف لاہور (سجال) کے عہدیداران زاہد مقصود، عقیل احمد، اشرف چودھری،علی ہاشمی ودیگر موجود تھے،



ملاقات میں کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تربیت کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وقار یونس نے مزید کہاکہ کرکٹ کے کھیل میں ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، اسپورٹس بورڈ پنجاب نے ظہیر عباس کی سربراہی میں کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز قائم کرکے اچھا اقدام کیا ہے۔، ان اکیڈمیز میں نوجوانوں کو جدید سہولتوں کے ساتھ ساتھ جدید خطوط پر تربیت دی جارہی ہے جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے، نوجوانوں کو اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے، وقار یونس نے مزید کہاکہ ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کی ا سپورٹس لوور پالیسی سے نوجوان اسپورٹس کی جانب آرہے ہیں جو کہ اسپورٹس کی ترقی کے حوالے سے مثبت ہے۔



اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ وقار یونس کرکٹ کی دنیا کے مایہ ناز بولر ہیں جس پر پوری قوم کو فخر ہے، ا سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوانوں کو دعوت دیتا ہے کہ اپنا ٹیلنٹ دکھائیں ہم آپ کو عالمی مقابلوں کیلئے تیار کریں گے، جس کے لئے اسپورٹس بورڈ پنجاب نے بین الاقوامی شہرت یافتہ کوچز اور کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ ہمارے نوجوان ان کے تجربے سے استعفادہ کرتے ہوئے اپنے کھیل کو بہتر بنائیں اور پاکستان کیلئے ٹائیٹلز جیتیں۔ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے سابق ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم وقار یونس کو سوینئربھی پیش کیا۔