چار ماہ کے دوران اسٹریٹ کرائم میں ملوث 1500جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا‘ ڈی جی رینجرز

196
چیئرمین بزنس مین گروپ سراج قاسم تیلی اور صدر کراچی چیمبرشمیم فرپوڈی جی رینجرزمیجر جنرل محمد سعید کو کراچی چیمبرآمد پر شیلڈ پیش کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی چیمبر کی جانب سے شہر میں بڑھتی لاقانونیت بالخصوص اسٹریٹ کرائم کے واقعات میں اضافے پر شدید تشویش کے اظہار پر پاکستان رینجرز سندھ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور اگر گزشتہ چند سالوں کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو ہر سال ہی ٹارگٹ کلنگ،اغوا برائے تاوان ، بھتے کا مطالبہ ، بینک ڈکیتیاں، چوری، اسٹریٹ کرائمز اوردیگر جرائم میں کمی واقع ہورہی ہے۔ کراچی چیمبر کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ رینجرز اہلکار اسٹریٹ کرمنلز سے سختی سے نمٹنے کے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں اور پچھلے چار ماہ کے دوران اسٹریٹ کرائم میں ملوث 1500 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیا گیا۔



اس موقع پر چیئرمین بزنس مین گروپ وسابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی، وائس چیئرمین بی ایم جی و سابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا، کے سی سی آئی کے صدر شمیم احمد فرپو،سینئر نائب صدر آصف نثار، نائب صدر محمد یونس سومرو،سابق صدر کے سی سی آئی اے کیو خلیل،عبداللہ ذکی،یونس محمد بشیر، سابق سینئر نائب صدر مفسر عطا ملک، چیئرمین کے سی سی آئی خصوصی کمیٹی برائے اسمال ٹریڈرز مجید میمن اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ڈی جی رینجرز نے اجلاس میں بتایا کہ رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے اسٹریٹ کرائمز میں ملوث70 فیصد جرائم پیشہ عناصر وہ ہیں جو منشیات کے عادی ہیں۔ اس شہر میں نشے کے عادی افراد کی بحالی کے لیے صرف 60 بستر میسر ہیں جو ہم سب کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ ہمیں انہیں نشے کی اس لت سے چھٹکارہ دلانا ہوگا لہذا تاجروصنعتکار برادری، انسانی خدمت کے اداروں، کراچی کے شہریوں، سول سائٹی اور صوبائی حکومت کو آگے بڑھ کر اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ان نشے کے عادی افراد کو بحال کیا جاسکے۔



پاکستان رینجرز سندھ نے مقامی موٹر سائیکل سازوں کو بھی آر ایف آئی ڈی ٹیکنالوجی موٹر سائیکلوں میں نصب کرنے کا مشورہ دیا جس سے ان موٹر سائیکلوں کو ٹریس کرنے میں مدد ملے گی تاہم موٹر سائیکل ساز لاگت میں اضافے کی وجہ سے آر ایف آئی ڈی نصب کرنے سے گریز کررہے ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ موٹر سائیکل کی قیمت بڑھ جانے سے وہ مقامی مارکیٹوں میں دیگر سے مقابلہ نہیں کر پائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان رینجرز سندھ نے 24 گھنٹے دستیاب علیحدہ ہاٹ لائن قائم کردی ہے جو صرف تاجروصنعتکاروں کو درپیش مسائل سننے اور انہیں حل کرنے میں کوشاں ہے ۔اس موقع پر چیئرمین بزنس مین گروپ اور سابق صدر کراچی چیمبر سراج قاسم تیلی نے ڈی جی رینجرز کو کراچی چیمبرکے ساتھ بہترین روابط قائم رکھنے پر سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے تاجر و صنعتکار برادری کو درپیش حقیقی مسائل سے نمٹنے میں کافی مدد مل رہی ہے جس پر وہ ڈی جی رینجرز کے شکرگزار ہیں۔



بی ایم جی کے نائب چیئر مین زبیر موتی والا نے شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں شہر کے مختلف حصوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں کم از کم دس گنا اضافہ ہو چکا ہے۔
کراچی چیمبر کے صدر شمیم احمد فرپو نے کہا کہ اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، اسٹریٹ کرائمز، بینک ڈکیتیاں، ٹارگٹ کلنگ بالخصوص پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ و دیگر جرائم شہر بھر میں ایک بار پھر سے اُبھر رہے ہیں۔