جے آئی غربی کاامریکی صدرکے خلاف بنارس چوک پرمظاہرہ

220
امریکی صدر کی ہرزہ سرائی کے خلاف بنارس چوک پر احتجاجی مظاہرے سے صدر جے آئی یوتھ ضلع غربی انعام الرحمن اور نذر محمد برکی خطاب کر رہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی یوتھ ضلع غربی کے تحت امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی ہرزہ سرائی کے خلاف بنارس چوک پر مظاہرہ ،نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت ۔شرکاء کا امریکی صدر کے بیان پر غم و غصہ کا اظہار،امریکی صدر کا پتلا نذر آتش کردیا۔اس موقع پر صدر جماعت اسلامی یوتھ ضلع غربی انعام الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔پاکستان نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہزاروں فوجی جوانوں کی قربانی دی ہے۔امریکا پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کرے ۔پاکستان کے عوام اپنے ملک کی حفاظت کرنا جانتے ہیں ۔انتہا پسند امریکی صدر کا بیان امریکا کی پاکستان دشمنی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔ڈومور کا تقاضا کرنے والوں کو پاکستان کی قربانیاں نظر نہیں آتیں۔



عالمی برادری پاکستان کی قربانیاں تسلیم کرے۔جماعت اسلامی یوتھ کے مظاہرے سے نائب قیم جماعت اسلامی ضلع غربی نذر محمد برکی ،چیئر مین یوسی 14بنارس نواز خان اور جماعت اسلامی سائٹ زون کے نائب امیر حاجی بشیر نے بھی خطاب کیا۔صدر جماعت اسلامی یوتھ ضلع غربی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ امریکا کو افغانستان میں شکست ہو چکی ہے،وہ اب اپنی شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے۔امریکا عالمی دہشت گرد ہے۔پاکستان کو امریکی امداد کی ضرورت نہیں۔اب وقت آچکا ہے کہ پاکستان امریکا کے حوالے سے اپنی خارجہ پالیسی پر غور کرے۔