پاکستان نے ہاکی ورلڈ کپ 2018ء کے لیے کوالیفائی کرلیا

120

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہاکی شائقین کیلئے اچھی خبر، پاکستان نے آئندہ سال بھارت میں ہونیوالے ہاکی ورلڈ کپ 2018کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ہالینڈ میں یوروہاکی چیمپیئن شپ کے نتائج پاکستان کوفائدہ دے گئے۔ایف آئی ایچ کے قواعد وضوابط کے مطابق ،کونٹی نینٹل کوالیفائرزاورورلڈ ہاکی لیگ سیمی فائنل کی ٹاپ 5ٹیمیں براہ راست ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرتی ہیں۔یورپئین چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی ہالینڈ، جرمنی، بیلجئیم اورانگلینڈ پہلے ہی میگا ایونٹ کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں ،اس لئے ورلڈ ہاکی لیگ سیمی فائنل میں 7ویں پوزیشن حاصل کرنیوالی پاکستان ٹیم کوورلڈ کپ کا ٹکٹ مل گیا۔پاکستان ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنیوالی 13ویں ٹیم ہے، گرین شرٹس 2014میں ہالینڈ میں ہونیوالے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکے تھے۔ہاکی ورلڈ کپ آئندہ سال 28 نومبر سے 16 دسمبرتک بھارت کے شہربھووینشیورمیں کھیلا جائیگا جس میں 16ٹیمیں حصہ لیں گی۔