سوڈان میں سوئمنگ پولسے روسی سفیر کی لاش برآمد

291
خرطوم: سوڈان میں روسی سفارت خانے اور مرنے والے سفیررگایاس شیرنسکی کی فائل فوٹو

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں تعینات روسی سفیر اپنی قیام گاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ سوڈان کی وزارت خارجہ نے بدھ کی رات روسی سفیر کی موت کی اطلاع دی ہے لیکن اس نے موت کی وجہ نہیں بتائی ہے۔ماسکو نے بھی ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔ابتدائی تحقیقات میں سفیر کی موت میں کسی تخریبی کارروائی کے امکان کو مسترد کردیا گیا ہے۔ روسی حکام کے مطابق روسی سفیر شیرنسکی خرطوم میں واقع اپنی قیام گاہ میں واقع پانی کے تالاب میں پیراکی کرتے ہوئے اچانک دم توڑ گئے۔وہ 1954ء میں پیدا ہوئے تھے اور ان کی عمر 63 برس تھی۔ ماسکو میں روسی وزارت خارجہ کے حکام نے کہا ہے کہ انہیں جونہی خرطوم سے روسی سفارت خانے کے عملے سے سفیر کی اچانک موت کے سبب کے بارے میں معلومات ملتی ہیں تو انہیں میڈیا کے لیے جاری کیا جائے گا۔



روسی سفیر کو 2013ء میں خرطوم میں روس کا سفیر مقرر کیا گیا تھا۔اس سے قبل وہ روانڈا، مصر، سعودی عرب اور یمن میں سفیر رہ چکے تھے۔ گزشتہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں وہ نویں روسی سفیر ہیں جو اس طرح بیرون ملک اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اچانک چل بسے ہیں۔