دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں سندھ میں بڑی کامیابی حاصل کریں گے ، نواز شر یف

219
لاہور: محمد خان جونیجو کے صاحبزادے اسد جونیجو سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی دیگر اکائیوں کی طرح سندھ بہت عزیز ہے، سندھ صوفیوں اور قلندروں کی سرزمین ہے، 2018ء کے انتخابات میں سندھ میں بڑی کامیابی حاصل کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو کے بیٹے اسد جونیجو سے ملاقات کے دوران کیا۔اسد جونیجو نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے نواز شریف کو سندھ کے دورے کے دعوت دی جسے نواز شریف نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ جلد سندھ کا دورہ کروں گا، سندھ کی عوام سے بے پناہ محبت کرتا ہوں،جب بھی سندھ گئے عوام نے بہت پیار اور احترام دیا کیونکہ سندھ صوفیوں اور قلندروں کی سرزمین ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ عزیز ہے،



سندھ کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے پھر سے (ن) لیگ بڑی کامیابی حاصل کرکے وہاں کی عوام کو کرپٹ لوگوں سے نجات دلائی گی۔ اس موقع پر اسد جونیجو نے کہا کہ پاکستان کا استحکام مسلم لیگ (ن) کے استحکام سے وابستہ ہے، نواز شریف ہی پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور سالمیت کے ضامن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام مسائل کے حل کے لیے آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اس ملاقات میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید اور ڈاکٹر آصف کرمانی بھی شامل تھے۔