ورلڈ الیون 12سے 15ستمبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی‘ نجم سیٹھی

211
ورلڈ الیون ٹیم کا حصہ بننے والے کھلاڑی‘ فاف ڈوپلیسی (کپتان) ‘ہاشم آملہ ‘سیمی ڈیرن ‘سیموئل بدری‘جورج بیلے‘پاؤل کولن ووڈ‘بین کٹنگ‘گرانٹ ایلیٹ‘ تمیم اقبال‘ ڈیوڈ میلر‘مورنے مورکل ‘ٹم پائن(وکٹ کیپر) ‘تھیسراپریرااورعمران طاہر شا مل ہیں

03لاہور (جسارت نیوز ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی 14رکنی ورلڈ الیون میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ۔قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بتایا کہ ورلڈ الیون دورہ پاکستان کے دوران آزادی کپ کی سیریز کے سلسلے میں 3 میچوں کی سیریز کھیلے گی تینوں میچز 12، 13 اور 15 ستمبر کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ ان کاکہنا تھا کہ ورلڈ الیون کے اسکواڈ میں 7 ممالک کے کھلاڑی شامل ہیں جن میں سے 5 کا تعلق جنوبی افریقا سے 3 کا آسٹریلیا ،2 ویسٹ انڈیز سے جبکہ بنگلا دیش ،انگلینڈ ،نیوزی لینڈ اور سری لنکا کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے جب کہ بھارت،افغانستان اور زمبابوے کا کو کوئی کھلاڑی شامل نہیں۔ اسکواڈ میں فاف ڈوپلیسی (کپتان)، ہاشم آملہ، عمران طاہر، جارج بیلی، گرانٹ ایلوئٹ، پال کولنگ ووڈ، بین کٹنگ، ڈیوڈ ملر، مورنے مورکل، تشارا پریرا، سیموئل بدری، ڈیرن سیمی، تمیم اقبال اور ٹم پائنے شامل ہیں۔



 نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے محفوظ ہے، تمام غیرملکی پلیئر نے سکیورٹی کے حوالے سے اقدامات پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیاہے۔نجم سیٹھی نے کہاکہ کھلاڑیوں کو پاکستان کے دورہ پر آمادہ کرنا بہت مشکل کام تھا اور اللہ کے فضل سے ہمیں اس میں کامیابی ہوئی ہے ۔کھلاڑیوں کے ناموں کے اعلان کے بعد اب اسپانسر کا فیصلہ کریں گے کیونکہ اسپانسر کی شرط تھی کہ پہلے ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جائے تو پھر وہ سیریز کو اسپانسر کریں گے ۔ نجم سیٹھی نے کہاکہ ورلڈ الیون کی ٹیم کے میچز کے سلسلے میں ستمبر کے پہلے سیکورٹی ٹیم پاکستان آئے گی جو کہ حکومت پنجاب کے عہدیداران اور سیکورٹی آفیشلز سے ملے گی ۔نجم سیٹھی نے کہاکہ میرا اگلا ٹارگٹ کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کروانا ہیں اور اس مقصد کے لئے متعلقہ انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے۔



دریں اثناء ورلڈ الیون ٹیم کے کپتان فیف ڈو پلیسی کا پیغام میں کہنا ہے کہ ورلڈ الیون کی بیلنس ٹیم کا کپتان مقرر ہونا ایک اعزاز کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ٹیم نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ کھلاڑیوں کی سیکورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں کھیلنے کے لئے بھاری رقم دی جارہی ہے لیکن سیکورٹی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور اگر ہم سیریز کے دوران اپنے آپ کو محفوظ نہیں سمجھیں گے تو کتنی بڑی رقم بھی ہمیں کھیلنے پر مجبور نہیں کرسکتی ۔