جشن آزادی ٹرین کا نوابشاہ پہنچنے پر بھرپور استقبال

240
نوابشاہ: جشن آزادی ٹرین کی آمد پر عوام کی بڑی تعداد ریلوے اسٹیشن پر موجود ہے، دوسری جانب مختلف فلوٹ کے مناظر 

نوابشاہ (نمائندہ جسارت) پاکستان کے 70ویں جشن آزادی کے حوالے سے پاکستان ریلوے کی جانب سے بنائی گئی ٹرین نواب شاہ ریلوے اسٹیشن پہنچی، جہاں بڑی تعداد میں اسکولوں کے طلبہ، شہریوں، سیاسی، سماجی، تجارتی اور این جی اوز کے رہنماؤں نے ٹرین کا استقبال کیا اور انجن ڈرائیور اور دیگر اسٹاف پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو تعنیات کیا گیا تھا جبکہ موٹر وے پولیس کے جوان بھی موجود تھے۔ عوام نے آزادی ٹرین میں بنائے گئے چاروں صوبوں کی ثقافت، پاکستان کے تاریخی مقامات اور قائد اعظم محمد علی جناح کا ماڈل سمیت دیگر اشیا میں گہری دلچسپی لی۔ اس موقع پر سی پیک کے بنائے گئے ماڈل کو بھی عوام نے بھرپور پذیرائی دی۔



علاوہ ازیں فنکاروں کی جانب سے چاروں صوبوں کی ثقافت کو پیش کیا گیا اور قومی ترانے پر عوام جھوم اٹھے۔ اس موقع پر خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے ٹرین میں نصب چاروں صوبوں کے فلوٹ اور دیگر اشیا کو گہری دلچسپی سے دیکھا۔ اس موقع پر مختلف خواتین نے کہا کہ آزادی ٹرین کی بدولت انہیں پاکستانی ثقافت کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا اور بچوں کو بھی اس سلسلے میں معلومات حاصل ہوئی۔