ریمنڈ ڈیوس کے معاملے میں غیرت پر سمجھتا تا کیا گیا،خواجہ آصف

376

وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کے معاملے میں قومی وقار اورغیرت پر سمجھوتا کیا گیا ، چیئرمین سینیٹ تحقیقات کا حکم دیں تو ساتھ دوں گا۔

سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران جمعیت علماء اسلام ف سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مولانا حافظ حمد اللہ نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس نے اپنی کتاب میں جنرل پاشا کو نہیں ایک ادارے کو ٹارگٹ کیا ہے، کیا جنرل پاشا اور دیگر کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے یا نہیں؟ انہوں نے اپنی پوزیشن کیوں کلیئر نہیں کی، 24 کروڑ کی دیت ادا کی گئی یہ قتل خطا تھا، قتل عمد یا فساد فی الارض؟ سینیٹر اعظم سواتی نے بھی اس معاملے پر بات کی۔

جس پر خواجہ آصف نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس پر صرف پوائنٹ اسکورنگ کے لیے بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، پارلیمنٹ دیکھنے کی کوشش کرے کہ کیسے قومی وقار، عزت، غیرت کا سمجھوتا کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کیس سے متعلق پبلک یا ان کیمرا تحقیقات کریں تو فائدہ ہوگا،پارلیمنٹ تحقیقات کا مطالبہ کرے تو میں ان کی آواز میں آواز ملاؤں گا۔وزیر خارجہ نے انکشاف کیا کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے لیے پیسے بھی حکومت پاکستان نے ازخود ادا کیے اور یہ پیسے کہاں سے دیے گئے یہ اللہ بہتر جانتا ہے، اس کی تحقیقات کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی جاسوس کی رہائی میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے یا بیرون ملک سمجھوتے پورے کرنے کے لیے کردار ادا کیا گیا ہوگا تاہم دیکھنا ہوگا کہ یہ مفاد انفرادی تھا یا ادارے کا ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ میرا خیال نہیں کہ کسی ادارے کا مفاد ریمنڈ ڈیوس کی رہائی سے منسلک تھا تاہم ذاتی مفاد منسلک ہوسکتا ہے۔خواجہ آصف نے اس موقع پر شعر بھی پڑھا اور جواب دیا کہ اگر سمجھتے ہیں کہ یاد ماضی عذاب ہے یا رب، چھین لے مجھ سے حافظہ میرا، تو اِسے حافظے سے گم کردینابہتر ہے تو اسے گم کردیں۔

 چیئرمین سینیٹ نے امریکی دھمکیوں کے معاملے پر خارجہ پالیسی پر نظرثانی کے لیے ایوان کی تمام کمیٹیوں کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا ہے ۔ قبل ازیں سینیٹ نے تمام تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی تعلیم لازمی قرار دینے کا بل متفقہ طور پر منظورکرلیا، انتخابی اصلاحات ترمیمی بل 2017ء متعلقہ کمیٹی کے سپرد جبکہ انتخابی اصلاحات بل سینیٹ کے اگلے سیشن میں پیش کیا جائے گا۔