امریکا میں شیر کا بچہ اسمگل کرنے والا نوجوان گرفتار

192
سکرامنٹو: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اسمگلنگ کے دوران پکڑا گیا شیر کا بچہ کسٹم حکام کی تحویل میں ہے

سکرامنٹو (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک نوجوان کو شیر کے ایک بچے کو میکسیکو سے امریکا میں اسمگل کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔ امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر حکام نے دیکھا کہ 18 سالہ لوئس یدورو ولینیکا کی کار میں شیر کا ایک بچہ ہے، جس پر اس نوجوان کو اسمگلنگ کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔ لوئس کو اوٹے میسا کی سرحد پر بدھ کی علی الصبح سرحد کراس کرتے وقت پکڑا گیا تھا۔ امریکا میں محکمہ وائلڈ لائف سروس کے حکام نے اس بنگالی نسل کے شیر کے بچے کو اپنی تحویل میں لے لیاہے۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ اس نے اس شیر کے بچے کو میکسیکو کے شہر تیجوانا میں اس شخص سے 300 ڈالر میں خریدا تھا، جو ایک بڑے شیر کے ساتھ سڑک پر چہل قدمی کر رہا تھا۔



سان ڈیگو میں کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکسن کے ڈائریکٹر پیٹ فلوریس کا کہنا تھا کہ سرحد پر محکمہ کسٹم کے حکام کو بیشتر اوقات اس طرح کے غیر معمولی واقعات کا سانا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوٹے میسا کی سرحدی انٹری پر حکام نے چیلنجوں کا بڑی مستعدی سے سامنا کیا اور معدومیت سے دوچار جانور کی زندگی بچانے میں مدد کی۔ تمام نسل کے شیر قانونی طور محفوظ نسل کے جانوروں کی فہرست میں شامل ہیں اورایسے کسی بھی جانور کو امریکا میں لانے کے لیے اجازت لینا ضروری ہوتا ہے۔ اس شیر کے بچے کو مقامی وائلڈ لائف کے حکام کے حوالے کیا گیا ہے جہاں پر اس کا پورا خیال رکھا جا رہا ہے۔