کوٹری (نمائندہ جسارت) جشن آزادی ٹرین کا کوٹری پہنچنے پر پُرتپاک استقبال، ریلوے انتظامیہ کی بے حسی، شدید گرمی میں ٹھنڈے پانی و دیگر سہولیات کا فقدان، شہری مہنگے داموں اسٹالوں سے مشروبات خرید کر پیاس بجھاتے رہے۔ ٹرین کی آمد پر حفاظتی اقدامات سخت۔ جشن آزادی ٹرین ملک کے مختلف اسٹیشنوں سے ہوتے ہوئے اتوار کے روز کوٹری ریلوے اسٹیشن پہنچی جہاں شہریوں نے آزادی ٹرین کا پُرتپاک استقبال کیا اور ٹرین کے شرکا پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ریلوے انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کے لیے شدید گرمی میں خاص انتظامات دیکھنے میں نہیں آئے، شہری اپنی مدد آپ کے تحت پینے کا پانی اور مشروبات سے پیاس بجھاتے نظر آئے جبکہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کے لیے ٹھنڈے پانی اور بیٹھنے کے لیے معقول انتظام نہیں کیا گیا تھا
جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید گرمی میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تاہم آزادی ٹرین کی آمد کا سن کر شہریوں کی بڑی تعداد ریلوے اسٹیشن پہنچ گئی تھی، جس میں بچوں، نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ بعد ازاں چند گھنٹوں کے قیام کے بعد ٹرین کراچی کے لیے روانہ ہوگئی۔