لاہور (نیوزرپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہو رذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ قوم پر جب بھی مشکل وقت آیا جماعت اسلامی کے کارکنان نے خدمت خلق اور عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے قابل قدر اور خوبصورت مثالیں قائم کیں ہیں کیونکہ جماعت اسلامی کے کارکنان انسانیت کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں اور یہی جذبہ اور درد اسلام میں پسند ید ہ عمل ہے ۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں چرم ہائے قربانی مہم کے سلسلے میں الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اجلاس میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن عبدالعزیز عابد اور سیکرٹری الخدمت فاؤنڈیشن لاہور مغیث شاہد قریشی ، مدثر چودھری ، علی عباس و دیگر اور ذمہ داران نے شرکت کی ۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن عوامی تعاون کے نتیجے میں غریبوں ، مسکینوں ، یتیموں اور بے سہاروں لوگوں کی امید ہے ۔ اجتماعی قربانی اور چرم ہائے قربانی کے نتیجے میں جمع ہونے والی کھالوں سے دکھی انسانیت کی مدد کا یہ عظیم الشان منصوبہ چلتا ہے ۔ الحمداللہ ہمارا کارکن اپنی عید کی خوشیاں قربان کر کے قربانی کی کھالوں کی وصولی اور غربیوں تک قربانی کا گوشت پہنچانے کا عظیم کام کر کے اللہ رب العزت کی رضا کے طلب گار ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کارکنان میں یہ جذبہ جماعت اسلامی کی تربیت کا نتیجہ ہے ۔اللہ تعالیٰ کی راہ میں قربانی حضرت ابراہیم علیہ اسلام کی سنت ، جہدو مسلسل کا نمونہ اور روشنی کا مینار ہے ۔قربانی محض دل لگی اور رسم نہیں ہے بلکہ اس کے ذریعے ایک ذہنیت دینا مقصود ہے جسے فلسفہ قربانی کا نام دیا جاتا ہے۔
اجلاس سے صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم حضرت ابراہیم علیہ اسلام کی سنت پر عمل کرتے ہوئے دعوت حق پھیلانے کیلیے اپنی خوشیاں اور اپنے خاندان چھوڑ کر بے سہاروں لوگوں کا سہار ا بننے کیلیے کمر بستہ ہو گئے ہیں۔