پبلک ایڈکمیٹی کے وفدکی کے-الیکٹرک کے اعلیٰ حکام سے ملاقات

142
جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کا وفد کے الیکٹر ک حکام سے ملاقات کررہاہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ممبر کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ اور پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کے عہدیداران نے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں کچی آبادیوں میں بجلی کے میٹر لگانے میں تاخیری حربوں کے خلاف کے الیکٹرک آفس میں ایم این سی وی کے جی ایم سمیت کے۔ الیکٹرک کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کے۔ الیکٹرک کے اعلیٰ حکام کی جانب سے فوری طور پر تاخیری عمل ختم کرنے اور میٹر لگانے کے عمل کو مزید تیز کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ اس موقع پر کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے ممبر ذکر محنتی نے کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں آنے والی مزید کچی آبادیوں جیسے نیلم کالونی، شاہ رسول کالونی اور گزری و دیگر علاقوں میں بھی مفت آسان میٹر لگانے کی بات کی،جس پر کے۔الیکٹرک حکام کی جانب سے ان مزید علاقوں میں بھی مفت آسان میٹر لگانے کی یقین دہانی کروائی گئی۔



کے الیکٹرک حکام کے مطابق عید کے بعد دہلی کالونی، پنجاب کالونی، مدنی آباد، نئی بستی، چانڈیو ویلیج کے ساتھ نیلم کالونی، شاہ رسول کالونی اور گزری سمیت دیگر کچی آبادیوں میں بھی مفت آسان میٹر لگانے کا آغاز کردیا جائے گا۔ اس موقع پر پبلک ایڈ کمیٹی کے جماعت اسلامی کے وفد نے کے الیکٹرک حکام کا شکریہ ادا کیا اور عوام کے مفاد میں کام کرنے پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وفد میں ممبر کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ ذکر محنتی سمیت پبلک ایڈ کمیٹی ساؤتھ کے رہنما مونس اخلاص، سہیل رانا، محمد اسماعیل، سماجی شخصیت انور خان نیازی اور اسلام بٹ شامل تھے۔