صحت مند معاشرے کے لیے کھیل ضروری ہے‘ زاہد حسین

1239
لاہور: ایڈیشنل سیکریٹری اسپورٹس پنجاب بورڈزاہد حسین تربیتی کیمپ میں کوچز کو لیکچر دے رہے ہیں

لاہور(جسارت نیوز )ایڈیشنل سیکرٹری اسپورٹس پنجاب زاہد حسین نے کہا ہے کہ تندرستی ہزار نعمت ہے اور صحت کو برقرار رکھنے کیلئے کھیلوں میں حصہ لینا بہت ضروری ہے، صحت مند معاشرے کو پروان چڑھانے کیلئے اسپورٹس کو فروغ دینا ہوگا، انسان کی زندگی میں اسپورٹس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، اسپورٹس سے انسانی زندگی میں ڈسپلن اور برداشت پیدا ہوتی ہے، اس لئے نوجوانوں کے ساتھ ہر عمر کے افراد کوبھی ا سپورٹس کی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جمنازیم ہال میں ا سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام چیف منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت تربیتی کیمپ میں ہاکی، فٹ بال،بیڈ منٹن اور ٹیبل ٹینس کے کوچز کو لیکچر دیتے ہوئے کیا، نشتر پارک ا سپورٹس کمپلیکس میں جاری تربیتی کیمپ کے چوتھے روز 5گیمز کرکٹ ، ہاکی، فٹ بال، ٹیبل ٹینس اور بیڈ منٹن کے 180کوچز کی ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے،



کیمپ میں ڈائریکٹر پاکستان اسپورٹس بورڈ سید حبیب شاہ اور ڈائریکٹر اسپورٹس پنجاب محمد انیس شیخ نے بھی کوچز کو لیکچر ز دیئے، ایڈیشنل سیکرٹری اسپورٹس پنجاب زاہد حسین نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے روزمرہ کے معمولات میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے، ترقی یافتہ ممالک میں عوام کی اکثریت اپنی صحت کو برقرار رکھنے کیلئے کسی نہ کسی کھیل میں حصہ لیتی ہے ،ہمارے ہاں یہ رواج نہیں ، بیماریوں سے دور رہنے کیلئے جسم کو حرکت میں رکھنا فائدہ مند ہوتا ہے اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے کہ عام آدمی بھی گیم میں حصہ لے، جس معاشرے میں گراؤنڈز آباد ہوتے ہیں وہاں صحت مند سرگرمیاں پروان چڑھتی ہیں اور انسانی زندگی میں ڈسپلن پیدا ہوتا ہے۔سید حبیب شاہ نے کرکٹ کے کوچز کو لیکچر میں کہا کہ ا سپورٹس انسان کو مضبوط بناتی ہے، کوچز کیلئے ضروری ہے کہ وہ کھلاڑی کی تربیت کے ساتھ ساتھ اس کی جسمانی فٹنس کا بھی خیال رکھیں۔