نیٹو سپلائی بند اور امریکی سفیر کو ملک بدر کیا جائے‘ دفاع پاکستان کونسل

346
اسلام آباد: دفاع پاکستان کونسل کے تحت پریس کلب پر امریکا کیخلاف مظاہرے کے دوران رہنما اظہار یکجہتی کررہے ہیں

لاہور (آن لائن) دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی فوری بند اور امریکی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔ملک بھر میں امریکی قونصل خانے بند کیے جائیں،بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی لگائی جائے۔مطالبات نہ مانے گئے تو تاریخی دھرنے دیئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار حافظ عبدالرحمن مکی، سردار عتیق احمد خان، سید ظفر علی شاہ،پیر سید ہارون علی گیلانی،عبداللہ حمید گل،علامہ ابتسام الٰہی ظہیر،سید ضیا اللہ شاہ بخاری،میاں محمد اسلم،علامہ محمد زوار حیدر،پیر عظمت سلطان و دیگر نے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دفاع پاکستان کونسل کے قائدین کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی دھمکیوں پر ہر پاکستانی غم و غصے سے دوچار ہے، امریکا دھمکیوں پر پاکستانی قوم سے معذرت کرے اور امریکی نائب وزیر خارجہ کو پاکستان کا دورہ کرنے سے روکا جائے۔



کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم وطن عزیز کی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کریں گے۔نیٹو سپلائی فوری بند اور امریکی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔ تمام شہروں میں امریکی قونصل خانے بند کیے جائیں۔ بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی جائے۔امریکا اور بھارت پاکستان دشمنی میں ایک ہو چکے ہیں، حکومت کو اب ڈومور کے بجائے نومور کی پالیسی اپنانی چاہیے اور امریکا سے تعلقات پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے کو تیار ہے، اگر امریکا نیوکلیئر پاور ہے تو پاکستان بھی نیو کلیئر پاور ہے۔ 21 کروڑ عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ملک کے دفاع میں ساتھ ہوں گے۔



اب اگر کسی نے ملک کی سالمیت کے خلاف سازش کی تو قوم اسے ملک میں نہیں رہنے دے گی۔دفاع پاکستان کونسل امریکی دھمکیوں کے خلاف تحریک جاری رکھے گی۔مطالبات نہ مانے گئے تو تاریخی دھرنے دیے جائیں گے۔پاکستان کی عوام،فوج ،سیاسی جماعتیں دفاع کے نقطے پر متحد ہیں۔ کانفرنس میں جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔قبل ازیں مرکز قبا آئی ایٹ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کی۔ریلی کے شرکاء میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا،شرکاء امریکا و انڈیا کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔