پورٹ قاسم پر ایل این جی’’ ٹرمینل ٹو‘‘ کا افتتاح‘ توانائی بحران کا وحد حل یہی ہے‘ وزیراعظم

270
کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بن قاسم پورٹ پر ایل این جی ٹرمینل کا افتتاح کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں پورٹ قاسم پرایل این جی(مائع قدرتی گیس ) ٹرمینل 2کا افتتاح کردیا ہے۔یومیہ 600 ایم ایم سی ایف ڈی گنجائش کے حامل اس ٹرمینل پر18 کروڑ ڈالر لاگت آئی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایل این جی ٹرمینل ٹو 330دنوں کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا ہے جو موجودہ حکومت کا امتیازی وصف ہے جس کا بنیادی مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی ٹرمینل پاکستان کو گیس فراہم کرنے والا سب سے بڑا ذریعہ ہے،اب تک ایل این جی کے 100جہاز یہاں آچکے ہیں۔



شاہدخاقان کے بقول ایل این جی کی درآمد ہی پاکستان کے توانائی بحران کا واحد حل ہے،ایل این جی کی درآمد سے قومی معیشت کو سالانہ 1.5ارب ڈالرز کا فائدہ پہنچے گا جبکہ مہنگے فرنس آئل کے بجائے سستی ایل این جی کے استعمال سے زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایل این جی کی بولی کا عمل مکمل شفاف رہا، 2پارٹیوں نے ایل این جی لانے کی بولی جمع کرائی تھی۔ٹھیکہ دینے کے بعد14ماہ کے اندر ایل این جی پر کام شروع کردیا گیاہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایل این جی پاکستان لانے کی ماضی میں سرکاری کوششیں ناکام رہیں۔ملک میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایل این جی سستاذریعہ ہے۔ ایل این جی کے ٹھیکے میں شفافیت کو مدنظر رکھا گیا اس حوالے سے چیئرمین پورٹ قاسم کا شکریہ ادا کرتا ہوں،امید کرتا ہوں مزید ٹرمینل بھی کم مدت میں تیار ہوں گے۔



اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ گیس ٹربائن کے3 بڑے پلانٹ لگا رہے ہیں جبکہ صنعتوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی جاری رہے گی ۔واضح رہے کہ پاکستان کی 50فیصد انرجی کی ضروریات ایل این جی پر منحصر ہیں پاکستان کی 6000 ملین کیوبک فٹ یومیہ ضرورت ہے جب کہ نیچرل گیس کی یومیہ سپلائی 4000ملین کیوبک فٹ ہے، یہ ٹرمینل پاکستان کی انرجی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ قبل ازیں وزیراعظم اتوارکی صبح پورٹ قاسم پہنچے جہاں انہیں ایل این جی ٹرمینل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔بعد ازاں وزیراعظم اپنا 2روزہ دورہ کراچی مکمل کرکے ا سلام آبادروانہ ہوگئے۔قائمقام گورنرسندھ آغاسراج درانی اور سرکاری افسران نے انہیں الوداع کیا ۔