زرداری کی بریت میثاق جمہوریت کے مک مکا کا ثبوت ہے‘ عمران خان

238
لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمیں عمران خان پریس کانفرنس کررہے ہیں

لاہور / اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی بریت میثاق جمہوریت کے مک مکا کا ثبوت ہے‘ عوام فیصلے کے خلاف آواز اٹھائیں‘ عدالت عظمیٰ کو بھی نیب پر اعتماد نہیں‘ یاسمین راشد کا مقابلہ کلثوم نواز سے نہیں ریاست سے ہے‘ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف بہادری سے جنگ لڑ رہی ہے قوم کو اپنی بہادر فوج پر فخر ہے۔ اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے نیب کیسز سے بری ہونے کی شدید مذمت کرتا ہوں‘ سرے محل سے لے کر اربوں روپے کی جائداد بیرون ملک موجود ہے لیکن نیب کو کچھ نہیں ملا‘ آصف زرداری کی بریت میثاق جمہوریت کے مک مکا کا ثبوت ہے‘



عدالت عظمیٰ کو نیب پر اعتماد نہیں اسی لیے ہمیں بھی نیب کا فیصلہ قبول نہیں ہے‘ زرداری کی بریت کے خلاف قوم کو آواز اٹھانی چاہیے‘ دونوں جماعتوں نے مل کر اسی لیے چیئرمین نیب لگایا تھا تاکہ وہ ان کے خلاف کوئی فیصلہ نہ کر سکے۔ این اے120کے انتخاب کی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یاسمین راشد کلثوم نواز سے مقابلہ نہیں کر رہی بلکہ پوری ریاست سے مقابلہ کر رہی ہیں‘ یہ الیکشن قوم کا امتحان ہے کہ انہیں کس کا ساتھ دینا ہے ایک چور کے ساتھ کھڑے ہونا ہے یا ہمارا ساتھ دینا ہے‘ ضمنی انتخابات کے دوران ریاست کے وسائل استعمال کیے جارہے ہیں لیکن الیکشن کمیشن خاموش ہے ہمارے نمائندو ں کو اگر تحفظ نہ دیا گیا تو آئی جی پنجاب کو بھی عدالت میں گھسیٹیں گے‘ مریم نواز منسٹر ہاؤس میں میٹنگ کر رہی ہیں لیکن مجھے اجازت نہیں دی جارہی کہ میں مہم چلا سکو ں۔



علاوہ ازیں عمران خان باجوڑ ایجنسی میں آپریشن کے دوران شہید ہونے والے میجر جنرل علی ناصر کے گھر گئے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین بھی ان کے ساتھ تھے۔ عمران خان نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف بہادری سے جنگ لڑ رہی ہے‘قوم کو پاک فوج پر فخر ہے کہ وہ کامیابی کے ساتھ ملک سے دہشت گردوں کا صفایا کر رہی ہے اور یہ جنگ جیت رہی ہے۔