میری رہائش شاہ ولی اللہ روڈ لیاری ٹاؤن میں واقع ہے۔ یہاں پر کے الیکٹرک چوبیس گھنٹوں میں تین بار دو دو گھنٹے کے حساب سے کل چھ گھنٹے لوڈشیڈنگ کرتی ہے۔ کے الیکٹرک پاکستان کا وہ پُراسرار پرائیویٹ ادارہ ہے کہ اس کے وجود سے اب تک پاکستان کے تمام مقتدر ترین ادارے بشمول عدلیہ، مقننہ، سینیٹ، پارلیمنٹ اور نوکر شاہی مل کر بھی اس کا بال بیکا نہیں کرسکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس ایک ادارے نے اہل کراچی کی زندگی کو اجیرن کرکے رکھا ہوا ہے، اس وقت بلاشبہ یہ ادارہ پاکستان کا مقتدر ترین ادارہ بنا ہوا ہے۔ لوڈشیڈنگ تو کے الیکٹرک کے پرائیویٹ ہوتے ہی اہل کراچی کے مقدر میں لکھ دی گئی ہے۔ کے الیکٹرک سے اتنی سی گزارش ہے کہ شاہ ولی اللہ روڈ پر جو رات کو لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے بس اتنی مہربانی کریں کہ بجائے ساڑھے نو تا ساڑھے گیارہ بجے رات کے آٹھ تا دس بجے رات کو لوڈشیڈنگ کرلیا کریں، صبح جلدی اُٹھنے والے بچوں کو بڑی مشکل ہوتی ہے۔ لیاری کے نام پر بڑے بڑوں کے چہرے بگڑ جاتے ہیں لیکن یہ بھی انسانوں کی بستی ہے، اُمید ہے کے الیکٹرک ہماری اپیل پر بے اعتنائی نہیں دکھائے گی۔
حمیرا طاہر، ماوا محل، شاہ ولی اللہ