ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کی ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق ہوائی جہاز میں سب سے پہلے سوار ہونا آپ کی صحت کیلئے خطرناک ہے۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ ترجیحی بنیاد پر بورڈنگ کے نتیجے میں انفیکشن کا خطرہ ڈرامائی طور پر بڑھ جاتا ہے۔ طیارے میں اگر ایک بھی شخص بیمار ہو تو اس کے جراثیم آپ تک پہنچ سکتے ہیں۔ متعدد ایئرلائنز نے یہ طریقہ اپنایا ہے کہ سب سے پہلے فرسٹ کلاس کے مسافروں کو طیارے میں سوار کرایا جاتا ہے۔ اس کے بعد طیارے کی دیگر کلاسو ں میں مسافر بٹھائے جاتے ہیں لیکن سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے بورڈنگ کے اس عمل کا تجزیہ کیا اور کہا کہ مختلف زون بورڈنگ کے نتیجے میں ان مسافروں کو خطرات ہوتے ہیں جو پہلے طیارے میں پہنچتے ہیں۔
انہوں نے تجویز پیش کی کہ طیارے میں 2 زون میں بورڈنگ کروائی جائے۔ پہلے طیارے کے اگلے اور پھر پچھلے حصے میں۔ یوں انفیکشن ایک مسافر سے دوسرے کو لگنے کے خطرات 27 فیصد کم ہوجاتے ہیں۔ اگر ایئرلائن چھوٹے طیارے استعمال کرتی ہے تو اس سے انفیکشن کا بھی خطرہ کم ہوتا ہے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اگر بیمار شخص 16بی نشست پر بیٹھا ہے تو اس کے قریب سے گزر کر لوگ آگے کی جانب جائیں گے تو ان میں کسی ایک کو بھی یہ جراثیم متاثر کرسکتے ہیں۔ یہ بھی امکان ہے کہ اس کے آس پاس کی 16صفوں تک لوگ متاثر ہوں۔ محققین نے 2014ءمیں ایبولا بیماری پھیلنے کی جو تحقیقا ت کی اس کے نتیجے میں معلوم ہوا کہ طیارے کے مسافروں نے اس کے جراثیم بھی دوسری جگہ پہنچائے۔