کے الیکٹرک نے صرف لوڈ شیڈنگ میں ترقی کی ‘ سندھ ہائیکورٹ

229

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کی نجکاری کیخلاف درخواستوں کی سماعت 11 ستمبر تک ملتوی کردی۔جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دیے کہ کے الیکٹرک کی نجکاری کے بعد ادارے کی حالت سب جانتے ہیں۔سرمایہ کاری کے بجائے تانبے کے تار نکال کر المونیم کے لگا دیے گئے۔ترقی ہوئی تو صرف لوڈ شیڈنگ میں ہوئی۔سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے کے الیکٹرک کی نجکاری کیخلاف درخواستوں کی سماعت کی۔ جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کی نجکاری کے بعد ادارے کی جوحالت ہے وہ سب جانتے ہیں،صرف لوڈشیڈنگ میں ترقی ہوئی ہے۔ نجکاری کے بعدانتظامیہ کوسرمایہ کاری کرنی تھی لیکن کاپر وائر نکال کر المونیم کے تار لگادیے گئے۔



وکیل کے الیکٹرک کا کہناتھا کہ نجکاری کے بعد ادارے میں بہت بہتری آئی ہے، لوڈشیڈنگ کم ہوگئی ہے۔جسٹس عقیل عباسی نے کہاکہ جہاں افسران رہتے ہیں وہاں بہتری بھی آئی ہے اور لوڈشیڈنگ بھی نہیں ہوتی لیکن دیگر علاقوں میں مزیدابتری آئی ہے۔وکیل کے الیکٹرک نے کہاکہ اگر پول کرایاجائے تولوگ کہیں گے کہ بہتری آئی ہے، جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ پول اگرڈیفنس میں کرائیں گے تونتیجہ وہی ہوگاجو آپ کہہ رہے ہیں۔ عدالت نے مزید دلائل کے لیے سماعت11ستمبر تک ملتوی کردی۔