سیکورٹی ادارے4سال میں بھی لاپتا دانش کو بازیاب نہ کرسکے

250

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قانون نافذ کرنے والے ادارے 4سال سے لاپتا گلستان جوہر کے رہائشی دانش عقیل انصاری کا سراغ لگانے میں کامیاب نہیں ہو سکے، وہ 4 سال قبل27اگست2013ء میں لاپتا ہوئے تھے۔ ان کی والدہ کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے گزشتہ 4سال سے میرے بیٹے کو بازیاب کرنے سے قاصر ہیں جبکہ اس دوران ملک کی بعض اہم شخصیات کے بیٹے بھی لاپتا ہوئے جن کا سراغ لگالیا گیا، جس سے محسوس ہوتا ہے کہ ملک میں امیر اور غریب کے لیے انصاف کا پیمانہ الگ ہے۔ ریاست میں بے گناہ لوگوں کو اس طرح غیر آئینی اور غیر جمہوری طریقے سے اتھا کر غائب کرنا کہاں کا انصاف ہے۔ اس عمل کی نہ اسلام اجازت دیتا ہے اور نہ ہی جمہوریت۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت تمام اہل خانہ شدید ذہنی کرب و اذیت میں مبتلا ہیں اور اپنے بیٹے کی بازیابی کے منتظر ہیں۔



لاپتا دانش عقیل انصاری کی والدہ نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف، وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ دانش کی بازیابی کیلیے ہر سظح پر فی الفور اور عملی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ لاپتا دانش کی بازیابی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔