اسپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام کوچز کاتربیتی کیمپ جاری

195
لاہور: اسپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام تربیتی کیمپ میں لیجنڈ لیاقت علی شرکاء کو ٹپس دے رہے ہیں

لاہور(جسارت نیوز ) اسپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کی نگرانی میں چیف منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت مختلف کھیلوں کیلئے تعینات کئے گئے کوچز کاتربیتی کیمپ نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں جاری ہے، لیکچر زکے بعدکوچز کی عملی تربیت کا آغاز ہوگیا، گزشتہروز ماہرین نے کوچز کو نشترپارک ا سپورٹس کمپلیکس کے جمنازیمہال اور پنجاب ا سٹیڈیم میں عملی تربیت دی،بیڈ منٹن کے کوچز کولیجنڈکوچ لیاقت علی، ٹیبل ٹینس کے کوچز کو سینئر کوچ صبا وارث اور فٹ بال کے کوچز کو سینئر کوچ قاضی آصف نے عملی تربیت دی، ماہرین نے کوچز کو خود کھیل کر تربیت دی اور کھلاڑیوں کے کھیل کو بہتر بنانے کے حوالے سے بتایا،



اس موقع پر سوال و جواب کے سیشن بھی ہوئے جس میں ماہرین نے کوچز کے سوالوں کے تفصیل سے جوابات دیئے، ماہرین کا کہنا تھا کہ کوچز کو ہر کھلاڑی کی کمزوریوں کا علم ہونا چاہئے، ان کی معمولی سے معمولی خامی کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہئے اور ان خامیوں کو ختم کرانا کوچز کے فرائض میں شامل ہے، جب تک کھلاڑی کی چھوٹی چھوٹی خامیوں پر قابو نہیں پایا جاتا کھلاڑی اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کرسکیں گے، بیڈمنٹن کے لیجنڈ کوچ لیاقت علی کا کہنا تھا کہ بیڈ منٹن کے کھیل میں کھلاڑی کا فٹ ورک انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، اسے ایک لمحے میں آگے بڑھنا ہوتا ہے اور دوسرے لمحے میں پیچھے آنا ہوتا ہے اس لئے کوچ کو ہر کھلاڑی کے فٹ ورک کا خصوصی طور پر خیال رکھنا چاہئے،



ٹیبل ٹینس کے سینئر کوچ صبا وارث نے کوچز کو ریکٹ کے استعمال کی تکینک کے حوالے سے خود کھیل کر بتایا۔، اسی طرح فٹ بال کے سینئر کوچ قاضی آصف نے کوچز کو پنجاب ا سٹیڈیم میں عملی تربیت دی، کوچز کو جدید ٹیکنالوجی اور فٹ بال کے کھیل میں ہونیوالی نئی تبدیلیوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔