کراچی میں آج شدید گرمی ‘کل طوفانی بارش کی پیش گوئی

402

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میںآج شدید گرمی اور کل طوفانی بارش کی پیش گوئی ‘ میئر نے شہر میں ہنگامی حالت نافذ کردی‘ عملے کی چھٹیاں منسوخ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں شدید گرمی ہوگی اور درجہ حرارت 37سے 40ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے،جبکہ منگل کو شمالی بحیرہ عرب میں ہوا کا انتہائی کم دباؤ داخل ہوگا جس کے باعث شدید طوفانی بارش کا امکان ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کا کہنا ہے کہ سندھ میں بارش برسانے والا سسٹم اس وقت بھارت کی جنوب مغربی ریاستوں میں موجود ہے، یہ سسٹم منگل تک کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا ، کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کا سلسلہ جمعے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔



انہوں نے خبر دار کیا ہے کہ کراچی میں سیلابی صورت حال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر نے شہر میں شدیدبارش کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے اور عملے کو تمام تر مشینری کے ساتھ تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی وارڈنز بھی بارشوں کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے موجود رہیں۔کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں رین ایمرجنسی سینٹر پر درج ذیل نمبروں پررابطہ کیا جاسکتا ہے۔ 0335-7553976 اور 0332-2685090، شہری اپنی شکایات 1339 پر بھی درج کراسکتے ہیں۔