ورلڈ الیون کی آمد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے‘ ظہیر عباس

204

لاہور(جسارت نیوز ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز ظہیر عباس نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون اور دیگر ٹیموں کی پاکستان آمد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے اور دنیائے کرکٹ کی دیگر ٹیموں کی بھی پاکستان آنے کی راہ ہموار ہوگی ،پنجاب اسپورٹس بورڈ میں سرکاری خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئندہ ماہ آئی سی سی کی ورلڈ الیون پاکستان آرہی ہے اور اس کے دورہ کے کامیاب انعقاد سے آئی سی سی کے بھی اعتماد میں اضافہ ہو جائے گاجبکہ سری لنکن ٹیم کی آمد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو جائے گی ،ظہیر عباس نے کہا کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کا کافی عرصے سے سنا جارہا تھا لیکن پی سی بی کے موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی نے ان کے دورے کو یقینی بنایا ،



انہوں نے کہا کہ انہوں نے بطور آئی سی سی صدر بہت کچھ سیکھا ہے ،پی سی بی کو چاہیے کہ وہ ورلڈ الیون اور سری لنکن ٹیم کے دورہ کے دوران آئی سی سی سمیت مختلف کرکٹ بورڈ ز کے عہدیداروں کو بھی میچز کے دوران مدعو کرے تاکہ ان کو بھی پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے اعتماد ہو ،ظہیر عباس نے کہاکہ پاکستان میں کافی عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہورہی لیکن پاکستان نے اس کے باوجود ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور چیمپئنز ٹرافی جیتی ،ہم کرکٹ سے دور نہیں ہوئے،جب تک ہمارے نوجوانوں کو کرکٹ کا شوق رہے گا ،ہماری ٹیم کو نیا ٹیلنٹ ملتا رہے گا ،انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے باوجود کرکٹ کے جنون میں کمی نہیں



آئی لیکن اب ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی تو شائقین کرکٹ اپنے ہیروز کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے دیکھیں گے اور ان کے اندر کرکٹ کا مزید شوق پیدا ہوگا ،انکا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے اور اس کے پاکستانی کرکٹ پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوں گے ۔