افغانستان میں امریکی سفارتخانے کے قریب خودکش دھماکا‘ 5ہلاک

460
کابل: خود کش دھماکے کے بعد ہونے والی تباہی کا منظر،سیکورٹی اہلکار پوزیشن لیے کھڑا ہے

کابل،جلال آباد(صباح نیوز+آن لائن+ مانیٹرنگ ڈ یسک)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امر یکی سفارتخانے کے قریب خودکش د ھماکے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، طالبان نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے مزید حملوں کی دھمکی دی ہے۔ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دھماکا کابل میں امریکی سفارت خانے کے قریب مسعود اسکوائر میں قائم ایک بینک کے باہر ہوا،بم دھماکے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ واقعے کے وقت بینک کے باہر لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہوزیر اکبر خان اسپتال کے حکام نے واقعے میں ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے ۔دھماکے سے قریبی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے تصدیق کی ہے کہ کابل میں ایک نجی بینک کے باہر خود کش دھماکا ہواجس میں 5 افراد ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔



بعد ازاں افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان کے ایک خود کش بمبار نے کابل میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد فوجی اور پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔اس سے قبل طالبان ترجمان نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ منگل کی صبح امریکی فورسز نے صوبہ ہرات کے ایک گاؤں بخت آباد میں فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 35 افراد ہلاک ہوئے۔ علاوہ ازیں مشرقی افغانستان میں فضائی حملوں کے باعث داعش کے 14 جنگجو ہلاک ہوگئے ،جس میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔مقامی پولیس کے مطابق یہ فضائی کارروائیاں صوبہ ننگر ہار کے ضلع آچن کے علاقے مہمند مرغائی اور سست خان میں ناٹوکی جانب سے کی گئیں جن کے نتیجے میں داعش کے 14 عسکریت پسند ہلاک ہوئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے جبکہ ان کارروائیوں میں کسی بھی شہری یا سیکورٹی اہلکار کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ واضح رہے کہ ضلع آچن داعش کے عسکریت پسندوں کا گڑھ ہے جہاں چندبرس سے سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔