الخدمت نے گزشتہ سال ایک ارب روپے فلاحی کاموں پر خرچ کیے‘ حافظ نعیم

737
امیر جماعت اسلامی کراچی و الخدمت کراچی کے صدر حافظ نعیم الرحمن ادارہ نور حق میں الخدمت کی سالانہ کارکردگی رپورٹ اور مہم چرم قربانی کے حوالے سے پریس کانفرنس کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی و صد ر الخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ الخدمت کراچی نے گزشتہ سال (جولائی 2016ء تا جون 2017ء)میں امدادی و فلاحی سرگرمیوں اور فلاح و بہبود پر تقریباً ایک ارب روپے خرچ کیے ، الخدمت تعلیم ، صحت ، صاف پانی ، کفالت یتامیٰ، کمیونٹی سروسز، آفات سے بچاؤ اور مواخات پروگرام کے تحت امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے اور یہ تمام کام عوام کے تعاون اور عوام کے الخدمت پر اعتماد کے ذریعے ہی ممکن ہوسکے ہیں۔ الخدمت سے تعاون عوام کے اعتماد کا مظہر ہے ۔ کراچی کے شہری عید الاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں اور الخدمت کے آئندہ کے منصوبوں اور پروجیکٹس کو پورا کرنے میں معاون و مدد گا ر بنیں۔



ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ادارہ نورحق میں الخدمت کراچی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ امدادی سرگرمیوں اور مہم چرم قربانی کے حوالے سے منعقدہ پریس بریفنگ اور تبادلہ خیال کی ایک خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں الخدمت کے ڈائریکٹر میڈیا و مارکیٹنگ نوید علی بیگ نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پر بریفنگ دی اور پریزنٹیشن پیش کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز، ڈپٹی سیکرٹری و قائم مقام چیف ایگزیکٹو الخدمت راشد قریشی ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، کنٹرولر میڈیا اینڈ مارکٹنگ عنایت اللہ اسماعیل ، کنٹرولر کمیونٹی سروسز قاضی صدر الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا کہ الخدمت ایک ایسا نیٹ ورک بن گیا ہے جو پورے ملک میں فلاحی کام کررہا ہے اور جو کام حکومت کو کرنا چاہیے تھا وہ الخدمت کررہی ہے ،



الخدمت کا پورا نظام صاف شفاف ہے اور جن مدات پر بتایاجاتا ہے ان ہی مدات پر خرچ کرتے ہیں ۔ جو لوگ سیاسی اعتبار سے ہم سے اختلاف رکھتے ہیں لیکن خدمت اور دیانت کے اعتبار سے الخدمت پر بھروسہ کرتے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ الخدمت نے کھالوں کی مہم کو ایک صنعت بنادیا ہے اور جماعت اسلامی ہی نے سب سے پہلے یہ کام شروع کیا اور اس کے بعد باقی تنظیموں اور جماعتوں نے یہ کام کیا ۔ جماعت اسلامی کے کارکنان اور ذمے داران عید کے تینوں دنوں میں سب مل کر کھالیں جمع کرنے کاکام کرتے ہیں اور یہ کام صرف فی سبیل اللہ خلق خدا کی خدمت کے جذبے کے تحت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کے نیٹ ورک میں بڑی تعداد میں کام کرنے والے ایسے افراد ہیں جو رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات انجام دیتے ہیں ۔2005ء کے زلزلے میں الخدمت سب سے بڑی تنظیم تھی جس نے ریلیف کے کام کا آغاز کیا اور بحالی کا عمل بعد میں بھی جاری رکھا ۔



انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹ سے ہزاروں افراد روزانہ استفادہ کررہے ہیں ، آغوش سینٹر میں کام کررہے ہیں اور عزت و وقار اور خود داری کے ساتھ بے سہارا لوگوں کو سہار افراہم کیا جارہا ہے ۔ملک بھر میں 8آغوش سینٹر ز کام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں کراچی میں چرم قربانی کے کام کو کسی اور مقاصد میں بھی استعمال کیا گیا اور لوگوں سے زور زبردستی کی گئی مگر الحمد للہ الخدمت نے اس کا م کو اس کی روح کے ساتھ جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کے نظا م میں چیک اینڈ بیلنس کا نظام موجود ہے کراچی کے عوام سے اپیل ہے کہ الخدمت کو پورے اعتماد کے ساتھ کھالیں دیں ، کھال قربانی کا ہی ایک حصہ ہے ، الخدمت دینی فریضے کی اس ادائیگی میں عوام کی خواہشات کے مطابق اور دین کی روح کے ساتھ اس کو خرچ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کے کام میں سب کو دست وبازو بننا چاہیے ، نوجوانوں کو آگے آکر الخدمت کا ساتھ دینا چاہیے اور کھالیں دینے کے ساتھ ساتھ کھالیں جمع کرنے والے بھی بنیں ۔ہمارے انتظامی اور دفتری اخراجات صرف 5فیصد ہیں جبکہ قانونی طور پر این جی اوز کو 10 فیصد تک خر چ کرنے کی اجازت ہوتی ہے ۔



انہوں نے کہا کہ کارکنان اور رضاکار کراچی کے ہر شہری کے پاس جائیں اور ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں کے افراد سے بھی رابطے کریں اور مہم چرم قربانی میں تعاون طلب کریں ۔ الخدمت پاکستان کی سب سے بڑی این جی او ہے۔ اس کے لاکھوں رضاکار شہر کراچی کے ہر کونے ، ہر محلے اور ہر گلی میں موجود ہیں ۔ہم عوام کے مسائل جانتے ہیں اور انہیں حل کرنے کے لیے ہر سطح پر کوشاں ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت نے ” خدمت دیانت کے ساتھ”کے موٹواور ” الخدمت جہاں ضرورت” کے عزم تلے دیانت کے ساتھ ایک طرف کروڑوں روپے عوام سے جمع کیے اور دوسری طرف پورے شہر میں پھیلے ہوئے لاکھوں ضرورت مند اور دکھی انسانوں تک اپنی خدمات کا دائرہ پھیلایا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کے آئندہ کے منصوبوں میں گلشن معمار میں زیر تعمیر آغوش سینٹر ہے۔ جہاں 200 یتیم بچوں کی دیکھ بھال کی جاسکے گی۔ اس کے علاوہ ناظم آباد میں 25 کروڑ روپے کی لاگت سے اگلے 3 سال میں ایک جدید سہولتوں سے مزین ڈائیگنوسٹک سینٹر تعمیر کیا جائے گا۔



نیز کالاپل ڈیفنس کے قریب ایک جدید میڈیکل سینٹر اور شاہ فیصل کالونی میں ایک جدیداسپتال بھی ہمارے آئندہ کے منصوبوں کا حصہ ہے۔اگلے سال ہم ان شاء اللہ 5 نئی میت گاڑیوں کا اضافہ کریں گے۔میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے نوید علی بیگ نے بتایا کہ الخدمت کراچی نے ایک سال (2016ء)کے دوران صرف اہل کراچی کی خدمت پر 88 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی جبکہ بیرون کراچی امدادی سرگرمیاں اس کے علاوہ ہیں ۔نوید علی بیگ نے مزید کہا کہ الخدمت نے صحت کے حوالے سے کراچی میں مریضوں کے علاج معالجے پر 64 کروڑ 67 لاکھ روپے، یتیم بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم پر 10 کروڑ 18 لاکھ روپے، مستحق خاندانوں کی امداد و اعانت کے لیے ایک کروڑ12 لاکھ روپے ، میت گاڑیوں کے ذریعے خدمات پر 2 کروڑ25 لاکھ روپے، مستحق طلبہ و طالبات کے تعلیمی اخراجات کی ادائیگی پر 62 لاکھ روپے،غریب لڑکیوں کے شادی بیاہ پر 19 لاکھ 52 ہزار روپے، ایمرجنسی و کمیونٹی ریلیف جس میں سردیوں میں گرم کپڑے و کمبل وغیرہ کی فراہمی اور جیل میں قیدیوں کی فلاح و بہبود وغیرہ شامل ہے، پر ایک کروڑ 2 لاکھ روپے ،رمضان میں روزہ کھلوانے اور راشن کی تقسیم پر ایک کروڑ48 لاکھ روپے،قدرتی آفات اور سیلاب متاثرین وغیرہ پر 2 کروڑ81 لاکھ روپے، بیروزگاروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے 31 لاکھ 17 ہزار روپے، پانی کی فراہمی اور کنویں کھدوانے کے لیے 43 لاکھ58 ہزار روپے ، دینی اور روایتی تعلیم کی فراہمی پر ایک کروڑ97 لاکھ روپے صرف کیے۔انہوں نے مزید بتایا کہ الخدمت کراچی کے2 بڑے ذرائع آمدن ہیں جن میں قربانی کی کھالوں کے ذریعے 4 کروڑ42 لاکھ روپے جبکہ زکوٰۃ و صدقات کے ذریعے کراچی کے عوام نے ہمیں 5 کروڑ86 لاکھ روپے فراہم کیے۔ الخدمت کے تحت کراچی میں 5اسپتال، 2بلڈ بینک، 9فارمیسی، 16لیب کلیکشن یونٹس، 2ڈائیگنوسٹک سینٹرز، 16کلینکس،4میڈیکل سینٹرز اور 89میڈیکل کیمپ کام کررہے ہیں۔