بنگلہ دیش روہنگیا باشندوں کو پناہ دے‘ اقوام متحدہ

253
ڈھاکا: میانمر میں ریاستی ظلم سہنے کے بعد نقل مکانی پر مجبور ہونے والے روہنگیا بچوں کو بنگلادیشی فوجی سرحد پر دھتکار رہا ہے

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) میانمر میں ریاستی مظالم کے باعث بنگلادیش فرار ہونے والے روہنگیا مسلمانوں کو خطرناک حالات کا سامنا ہے، جب کہ ڈھاکا حکومت انہیں واپس میانمر دھکیل رہی ہے۔ اقوام متحدہ نے اس صورتحال پر سخت تشوش کا اظہار کیا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ بنگلادیش کی طرف نقل مکانی کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کو دوہرے خطرے کا سامنا ہے۔ ایک طرف سے حفظان صحت کی ناکارہ سہولیات کے باعث یہ بیمار ہو سکتے ہیں، جب کہ ساتھ ہی ڈھاکا حکومت انہیں میانمر میں شورش کے باوجود واپس روانہ کرنے کی کوشش میں ہے۔ اقوام متحدہ نے اپیل کی ہے کہ ایسے روہنگیا مسلمانوں کو جو تشدد سے فرار ہو کر بنگلادیش پہنچ رہے ہیں، انہیں وہیں رہنے دیا جائے۔



راکھین ریاست میں حالیہ تشدد کی لہر کے باعث روہنگیا برادری کے افراد نشانے پر ہیں اور وہ جوق در جوق بنگلادیش کا رخ اختیار کر رہے ہیں۔ گزشتہ کچھ دنوں کے دوران تقریباً 5 ہزار روہنگیا افراد بنگلادیش میں داخل ہو چکے ہیں۔ امدادی کارکنوں کے مطابق ان میں سے کئی بیمار ہیں، جب کہ ان میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔