فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کا اپنی بیٹی اگست کے نام خط

724

سماجی رابطے کی معروف ترین ویب سائٹ فیس بک کے بانی اور سی ای او مارک زکربرگ ایک مرتبہ پھر باپ بن گئے ہیں جب ان کی اہلیہ پریسلا چان نے بیٹی کو جنم دیا۔ زکربرگ اور ان کی اہلیہ نے اپنی دوسری بیٹی کی پیدائش کی خبر فیس بک کے ذریعے دی۔
مارک زکربرگ نے ایک فیس بک پوسٹ کے ذریعے اپنی دوسری بیٹی کا تعارف کرایا جس کا نام ’اگست‘ رکھا گیا ہے۔ زکربرگ نے اگست، اہلیہ چان اور بڑی بیٹی میکسیما کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے اگست کے نام ایک کھلا خط بھی لکھا۔
زکر برگ نے اپنی پوسٹ میں لکھا: پریسلا اور میں اپنی بیٹی کا استقبال کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس کررہے ہیں۔ ہم نے اسے ایک ایسی دنیا کے بارے میں لکھا ہے جس میں وہ بڑی ہو گی۔ ہم یہ بھی امید کرتے ہیں کہ وہ بہت جلد بڑی نہیں ہو گی۔



انہوں نے اپنی بیٹی کے نام میں خط لکھا:
پیاری اگست!
ہم اس دنیا میں تمہارا استقبال کرتے ہیں۔ تمہاری ماں اور اور مجھے یہ جاننے کی بہت خواہش ہے کہ آپ کیا بننا چاہیں گی۔ جب تمہاری بڑی بہن پیدا ہوئی تھی اس وقت بھی ہم نے ایک خط لکھا تھا۔
ہم امید کرتے ہیں کہ آپ کی بہن اور آپ ایسی دنیا میں بڑھیں گی جہاں بہتر تعلیم ہو گی، کم بیماریاں ہوں گی، اتحاد کے دھاگے میں بندھے لوگ ہوں گے اور زیادہ مساوات ہوگی۔
ہم نے میکس کے نام خط میں لکھا تھا کہ آپ کی نسل جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں سانس لے گی جو ہمارے زمانے کے مقابلے میں بہت بہتر ہوگی۔



اس کے لیے ہمیں اپنی ذمے داری نبھانی ہے۔ خواہ بری خبریں آج سرخیاں بنتی ہیں لیکن ہمیں آج بھی یہ یقین ہے کہ اچھائی کا چلن برائیوں کو بہت پیچھے چھوڑ دے گا۔ ہم آپ کی نسل اور مستقبل کے بارے میں پر امید ہیں۔
ہم آپ کے بڑے ہونے کے بجائے آپ کے بچپن کے بارے میں باتیں کرنا چاہتے ہیں۔ یہ دنیا سنجیدہ جگہ ہوسکتی ہے۔ اس لیے یہ ضروری ہے کہ وقت نکال کر باہر کھیلنے جایا جائے۔
بڑی ہو کر آپ مصروف ہو جائیں گی، لہٰذا میں امید کرتا ہوں کہ ابھی تم پھولوں کی خوشبو لو اور جو کچھ بھی کرنا چاہو اس کے لیے وقت نکالو۔



مجھے امید ہے کہ آپ میکس کے ساتھ جھولے میں بیٹھو گی۔ مجھے امید ہے کہ تم کمرے اور آنگن میں خوب دوڑو گی۔ میں چاہتا ہوں کہ تم اچھی نیند لو اور خواب میں یہ محسوس کرو کہ ہم تمہیں کتنا چاہتے ہیں۔
بچپن سحر انگیز ہوتا ہے۔ یہ صرف ایک بار ملتا ہے، لہٰذا مستقبل کے بارے میں بہت زیادہ فکر نہ کرو۔ اس کے لیے ہم ہیں اور تمہارے جیسے بچوں کے لیے اچھی دنیا بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
اگست، ہم آپ سے بہت پیار کرتے ہیں اور ہم اس مہم پر آپ کے ساتھ جانے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔



تمہیں ماں اور والد کی طرف سے بہت سا پیار۔
مارک زکربرگ کے اس پیغام کو فیس بک پر 38 ہزار سے زائد مرتبہ شیئر کیا جا چکا ہے جبکہ تقریباً 17 لاکھ لوگ اب تک اسے ’لائیک‘ کر چکے ہیں۔