کراچی میں بارش‘ ایمرجنسی نافذ‘ مخدوش عمارتیں خالی کرنے کا انتباہ

648
کراچی: بارش کے بعد گرومندر پر جمع ہونے والے پانی سے گاڑیاں گزر رہی ہیں،جبکہ چھوٹی تصویر میں تیز ہواؤں کے باعث گرا ہوا درخت نظر آرہاہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بارش کا نیا سسٹم داخل ، منگل کے روز شدیدگرمی کے بعدشہر کے مختلف علاقوں میں بارش،سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ ، سندھ حکومت نے شہری علاقوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی، مخدوش عمارتیں خالی کرنے کا انتباہ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کراچی میں بارش بدھ سے ہوناتھی تاہم منگل کی دوپہر سے با رش شروع ہوگئی، موسلا دھار بارش کے باعث کراچی کا درجہ حرارت 40 سے گرکر 35 ڈگری سینٹی گریڈ پر آگیا، فیڈرل بی ایریا، نیوکراچی، آئی آئی چند ریگر روڈ،طارق روڈ ،شارع فیصل، گلبرگ ،گلشن اقبال ،پی ای سی ایچ ایس، نرسری ،محمود آباد،ملیر، سہراب گوٹھ گلستان جوہر ،صفورا گوٹھ ،صدر ، کلفٹن ،یونیورسٹی روڈ ، فیڈرل بی ایریا،نیو کراچی اور اسٹیڈیم روڈ کے علاقوں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ،



محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ بارش کے نئے سلسلے کے باعث کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر آج سے جمعہ تک غیرمعمولی تندوتیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے ، بارشوں کے سبب ندی،نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ تیز بارشیں کراچی سمیت ٹھٹھہ، بدین، میرپور خاص میں متوقع ہیں۔اس حوالے سے سندھ حکومت نے شہری علاقوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے اورتمام اضلاع کے ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بارشوں کے دوران پیشگی مناسب حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ادھر میئر کراچی وسیم اختر نے بھی کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے عملے کو بارش کے پیشِ نظر کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے اور حفاظتی اقدامات کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔



صوبا ئی وزیر لا ئیواسٹا ک و فشریز سندھ محمد علی ملکا نی نے محکمہ لا ئیو اسٹا ک و فشریز میں ایمر جنسی نا فذ کرتے ہو ئے تمام ملا زمین کی چھٹیا ں منسو خ کر دی ہیں ۔ علاوہ ازیں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے طوفانی بارشوں کی پیش گوئیوں کے پیش نظرایک بار پھر مخدوش وخطرناک قراردی گئی عمارتوں اوران سے ملحقہ عمارتوں کے مکینوں کوخبردار کیاہے اور مکینوں کو ان کے مفاد میں ان عمارتوں کوفی الفورخالی کرنے کے لیے انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان عمارتوں کااستعمال اپنی جان سے کھیلنے کے مترادف ہے ۔وزیر تعلیم سندھ جام مہتاب ڈہر نے کہا کہ اگر کراچی میں بارشیں زیادہ ہوئیں تو تعلیمی اداروں میں تعطیل کردی جائے گی۔