میرپور(جسارت نیوز) بنگلا دیش نے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو 20 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1۔0 سے برتری حاصل کر لی۔ شکیب الحسن نے 10 وکٹیں حاصل کیں اور مرد میدان قرار پائے۔کھیل کے چوتھے روز آسٹریلیا نے 2 وکٹ پر 109 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو اسے فتح کیلیے 8 وکٹ پر مزید 156 رنز درکار تھے تاہم پوری کینگرو ٹیم 244 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ڈیوڈ وارنر 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان اسٹیون اسمتھ 37 جبکہ پیٹ کمنز 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے شکیب الحسن نے دوسری اننگز میں بھی اتنے ہی بیٹسمینوں کو میدان بدر کیا۔
تیج الاسلام نے 3 جبکہ مہدی حسن مرزا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شکیب الحسن 10 وکٹیں لے کر مین آف دی میچ قرار پائے۔قبل ازیں بنگلا دیشی ٹیم نے پہلی اننگز میں 260 اور دوسری اننگز میں 221 رنز بنائے تھے، جب کہ آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز بنا پائی تھی۔