پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں دوسرے روز بھی مندی

446

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سیاسی افرا تفری اور امریکی حکام کی جانب سے حبیب بینک پر بھاری جرمانے کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو بھی شدید مندی چھائی رہی ،سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی فروخت کادباؤ بڑھنے کے باعث کے ایس ای100انڈیکس مزید 741.14پوائنٹس کی کمی سے 41233.08پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا ، مندی کے باعث306کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں گرنے سے سرمایہ کاروں کو 46ارب 43کروڑ 68لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی صرف 13کروڑ حصص تک محدود رہا ۔ منگل کو ٹریڈنگ کا آغاز منفی زون میں ہوا اور ملک میں جاری سیاسی کشمکش ،پاک امریکا تعلقات میں تناؤ اور نیویارک میں پاکستانی بینک حبیب بینک کے خلاف بھاری جرمانے کے نوٹس جاری ہونے جیسے عوامل کے پیش نظر سرمایہ کاروں کی جانب سے نئی سرمایہ کاری کے بجائے حصص بیچ کر سرمایہ نکالنے کو ترجیح دینے کا رجحان دیکھا گیا جس کے نتیجے میں ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی مندی شروع ہوئی جو ٹریڈنگ کے اختتام تک جاری رہی۔ ،



ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 41046پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیا لیکن 41ہزار کی نفسیاتی حد گرنے کے بالکل قریب معمولی ریکوری آئی جس کی وجہ سے مذکورہ حد برقرار رہی اور ٹریڈنگ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 741.14پوائنٹس کی کمی سے 41233.08پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح 457.94پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 21186.70پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس496پوائنٹس کمی سے 496.46پوائنٹس کم ہو کر29405پوائنٹس پر بند ہوا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کومجموعی طور پر380کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں61کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہواجبکہ اس کے مقابلے میں306 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں گر گئیں اور13کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ، بیشتر کمپنیوں کے حصص کے دام گرنے کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں46ارب43کروڑ68لاکھ روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 87کھرب72ارب 92کروڑ55لاکھ روپے سے کم ہوکر 86کھرب26ارب 48کروڑ 87لاکھ رہ گیا ۔



گزشتہ روز 5ارب 98کروڑ روپے مالیت کے13کروڑ1لاکھ46ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو5ارب70کروڑ روپے مالیت کے 10کروڑ31لاکھ76ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے اس لحاظ سے حصص کی لین دین کا کاروباری حجم پیر کے مقابلے میں قدرے بہتر لیکن مجموعی طور پر انتہائی مایوس کن رہا ۔