لاہور(جسارت نیوز )پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ شرجیل خان کا فیصلہ پی سی بی کی کرپشن کیخلاف عدم برداشت پالیسی کاحصہ ہے ،فکسنگ میں شامل کھلاڑیوں کو قانونی ضابطہ کار کے تحت ڈیل کیا جائے گا۔ پی سی بی کے چئیرمین نجم سیٹھی کا شرجیل خان اسپاٹ فکسنگ کیس میں آنے والے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ نے سخت محنت کی اورمجرم سامنے لیکرآئے،اینٹی کرپشن اینڈ ویجیلنس ڈیپارٹمنٹ کریڈٹ کاحق دارہے۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ شرجیل خان کو قانون کے مطابق سزا دی گئی ہے اور آئندہ بھی فکسنگ میں شامل کھلاڑیوں کو قانونی ضابطہ کارکے تحت ڈیل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل ا سپاٹ فکسنگ میں ملوث شرجیل خان کو5 سال معطلی کی سزا سنائی گئی ،جس کے مطابق وہ اڑھائی سال کے اندرکرکٹ بالکل کھیل نہیں سکیں گے جبکہ اگلے ڈھائی سال میں ان کو کھیلنے کی مشروط اجازت کے ساتھ کڑی نگرانی میں رکھا جائے گا۔سزاکا اطلاق 10 فروری سے ہو گا۔شرجیل خان نے بھی فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔