الخدمت کے تحت یتیم بچوں میں عیدکے تحائف تقسیم 

253
الخدمت کراچی آرفن کیئر پروگرام کے تحت یتیم بچوں میں عید گفٹ تقسیم کے موقع پر سید عبدالرشید،مصعب بن خالد و دیگر بچوں کے ساتھ موجود ہیں (فوٹو: جسارت)

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت کراچی کے آرفن کئیر پروگرام کے تحت لیاری کلسٹر کے باہمت(یتیم)بچوں میں عید گفٹ تقسیم کیے گئے ، اس سلسلے میں لیاری کے علاقے موسیٰ لین میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ا س موقع پر مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبد الرشیدتھے جبکہ اس موقع پر الخدمت کراچی آرفن کئیر پروگرام کے منیجر سید مصعب بن خالد ،فیملی سپورٹ آفیسر ہارون راجپوت اوردیگر بھی موجود تھے ۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبد الرشیدنے کہا کہ یہ باہمت بچے قوم کے مستقبل کے معمار ہیں۔یہی بچے بڑے ہوکر ملک اور قوم کی رہنمائی کریں گے ۔ الخدمت آرفن کئیر پروگرام معاشرے کے لیے ایک مثالی پروگرام ہے ۔ہم ان بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔دینی نقطہ نظر سے ہم سب کی ذمے داری بنتی ہے کہ ہم ان بچوں کی سرپرستی کریں ۔



الخدمت نے ان بچوں کی اپنے مختلف مالی معاونین کے تعاون سے کفالت کی ذمے داری قبول کی ہے ۔ الخدمت کا یتیموں اور بیواؤں کے لیے قابل ستائش پروگرام روبہ عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2017 کے دوران کراچی میں ہمارا ہدف 2000بچوں کو رجسٹرڈکرنا ہے ،اس پروگرام کے تحت باہمت بچوں کی تعلیم اورخوراک کی فراہمی کے علاوہ ان کی ذہنی اور جسمانی نشوونماکا اہتما م کیا جاتاہے تاکہ ان بچوں میں احساس محرومی کو ختم کیا جاسکے ۔انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ الخدمت آرفن کئیر پروگرام میں زیادہ سے زیادہ مالی تعاون کریں تاکہ ان بچوں کی اور بہتر طریقے سے کفالت کی جاسکے کیونکہ کفالت یتامیٰ سے جنت کا حصول بھی ممکن ہے اور رفاقت رسول بھی ۔پروگرام کے آخر بچوں میں عیدکے تحائف کے علاوہ نقد عیدی بھی تقسیم کی گئی۔ بعد ازاں تمام بچوں اور مہمانوں کی تواضع کا اہتمام بھی کیا گیا ۔