ڈاکٹر رتھ فاؤ کی ساری زندگی انسانیت کیلیے وقف تھی‘اسد اللہ بھٹو 

281
کراچی: جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے تحت ڈاکٹر رتھ فاؤ کے تعزیتی اجلاس سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسداللہ بھٹو اور منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ نے انسانیت کی خدمت کے لیے اپنی ساری زندگی وقف کر دی ۔ڈاکٹر رتھ فاؤ حضرت عیسیٰ ؑ کے مشن کی علمبردار تھیں، ہم سب کو اس مشن کو لے کر چلنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے تحت کراچی پریس کلب میں مرحومہ کے تعزیتی اجلاس سے صدارتی خطاب کر تے ہوئے کیا ۔اجلاس سے جماعت اسلامی منارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈووکیٹ، سماجی رہنما ندیم شیخ ایڈووکیٹ،مسز ہیلن سلیم، راجا آسر منگلانی،جے پال چھاپریا،پادری شبیر،سردار ہیرا سنگھ،مسز شاہانہ امیو نیل،پاسڑ امجد فاروق ،منارٹی ونگ کے نائب صدر سموئل نذیر،ڈاکٹر ملک حمید اللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔



اس موقع پر اسداللہ بھٹو نے کہا کہ جماعت اسلامی خدمت کا کام دینی جذبے اور فرض کے طور پر کرتی ہے اور انسانیت کی بلا تفریق خدمت کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔جماعت اسلامی نے اپنے فلاحی اداروں کے اندر بھی کوئی تفریق نہیں رکھی ہے اور ہماری فلاحی اور امدادی خدمات اور سر گرمیاں ہر مذہب اور رنگ و نسل اور زبان کے افراد کے لیے ہیں۔اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ آج انسانیت کے اعتراف کی محفل ہے اور ہم ڈاکٹر رتھ فاؤ کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں ۔ان کا تعلق اس سر زمین سے تو نہیں تھا لیکن انسانیت کا تعلق تھا اور انسانیت کی خدمت کے لیے ہی انہوں نے اپنی ساری زندگی وقف کر دی اور جذام جیسے موذی مرض کے خلاف ساری زندگی صرف کر دی اور اس کے لیے ایک روشن مثال قائم کر دی ۔



انہوں نے کہا کہ مرحومہ کی یاد میں ڈاک کا ٹکٹ اور قومی سکہ لایا جائے اور ان کی خدما ت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے ۔ہم حکومت سے مطالبہ کر تے ہیں کہ ملک کے سر کاری اسپتالوں کی حالتِ زار کو بہتر بنائے اور غریب سے غریب آدمی کو بھی علاج کی ہر طرح کی سہولت فراہم کرے ۔