ڈاکٹر عافیہ کے بیٹے کی بازیابی کیلیے پریس کلب پر مظاہرہ 

216
پریس کلب: پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق کے ارکان اپنے مطالبات کے حق کیلیے مظاہرہ کر رہے ہیں (فوٹو: جسارت)

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) جبری گمشدگی کے عالمی دن کے موقع پر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ساڑھے14سال سے لاپتا بیٹے سلیمان کی بازیابی کیلیے عافیہ موومنٹ کے تحت کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عافیہ موومنٹ خواتین ونگ کی رہنما عذرا امجد نے کہا کہ ڈاکٹرعافیہ کو2003 ء میں پاکستانی حکام کی مدد سے 3کمسن بچوں سمیت کراچی سے اغوا کرکے امریکی افغانستان لے گئے تھے ۔ 5سال تک امریکی حکام عافیہ کی غیرقانونی حراست سے انکار کرتے رہے لیکن 2008 ء میں جب عالمی میڈیا میں بگرام، افغانستان کے عقوبت خانے میں قیدی نمبر 650 ڈاکٹر عافیہ کی موجودگی کا انکشاف ہوا تو امریکی فوجیوں پر حملے کی ایک جھوٹی اور من گھڑت کہانی گھڑ کر عافیہ کو امریکا پہنچادیا گیا اور اس کے بعد ایک سے دوسال کے اندرعافیہ کے بیٹے احمد اور بیٹی مریم کو پاکستان پہنچا دیا گیا۔



ان تمام شواہد پر مبنی حالات و واقعات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عافیہ کا تیسرا بچہ سلیمان بھی امریکیوں کی تحویل میں ہے۔ عافیہ کے اغوا کے وقت سلیمان کی عمر صرف 6 ماہ تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ جب معاملہ طبقہ اشرافیہ اور اعلیٰ حکام کے بچوں کا ہوتوپوری ریاستی مشینری حرکت میں آجاتی ہے اور وزیراعظم، گورنر اور چیف جسٹس کے بیٹے بحفاظت بازیاب ہوجاتے ہیں، عام پاکستانی شہری کو بھی ایسی ہی عزت دی جائے۔عافیہ موومنٹ کے سپورٹرز احتجاجی مظاہرین نے امریکی اور پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ عافیہ کا لاپتا بیٹا سلیمان کہاں ہے؟ امریکی و پاکستانی حکام پاکستانی قوم کو آگاہ کریں۔