فیڈریشن‘ چیمبرز اور ایسوسی ایشنز میں نوجوان قیادت آگے آئے‘ افتخار ملک

373

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اور ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں ہمارے90فیصد سے زائد حامی منتخب ہوں گے جبکہ فیڈریشن چیمبرز آف کامرس کی ایگزیکٹو کمیٹی اور جنرل باڈی میں بھی یو بی جی کے حامیوں کی90 فیصداکثریت ہوگی،میرا مشن ہے کہ ایف پی سی سی آئی سمیت ملک بھر کے چیمبرز اور ایسوسی ایشنزمیں نوجوان قیادت آگے آئے کیونکہ مستقبل میں انہیں ہی ان اداروں کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ افتخار علی ملک نے ان خیالات کااظہار تاجرنمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کا الیکشن ملک بھر تمام چیمبرز میں سب سے اہم الیکشن ہوتا ہے جہاں 31ہزار ممبرز حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہیں اور ہمارا گروپ لاہور چیمبر کے الیکشن میں بھرپورکامیابی حاصل کرتا رہا ہے اور نیا الیکشن بھی ہم ہی جیتیں گے،



فاؤنڈر پیاف الائنس کے کارپوریٹ کلاس کی سیٹوں پر تمام عہدیداروں بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں اور امید ہے کہ اگلے مرحلے میں فاؤنڈرپیاف الائنس تمام نشستوں پر سویپ کرے گا، اس الائنس کو تمام تاجر کمیونٹی کی بھرپور حمایت اور اعتماد حاصل ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ اس شاندار کامیابی کا کریڈٹ چیئرمین سلیکشن کمیٹی میاں محمد اشرف کو جاتا ہے، اپوزیشن ہمارے کسی بھی امیدوار کے کردار اور حیثیت پر سوال نہیں اٹھا سکتی کیونکہ ان کا انتخاب سینئر قیادت کی مشاورت سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کی بالادستی، قانون اور انصاف کی حکمرانی اور میرٹ پر یقین رکھتے ہیں،ہم جمہوریت کی پیداوار ہیں اس لیے غیرجمہوری انداز اختیار کرنے ولوں کو گھر بھیج دیں گے۔یو بی جی کے چیئرمین نے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ ایک ہراول دستہ ہے جس میں بے شمار نئے لوگ شامل ہورہے ہیں،ہمیں چاہیے کہ یو بی جی جیسے مضبوط گلدستہ میں نوجوان خون کو شامل کریں کیونکہ ہم پہلے سے زیادہ طاقتور ہیں،



دفتروں میں بیٹھ کر الیکشن نہیں ہوتے ،زندگی کے اہم سال مشن کے طور پر لگانے پڑتے ہیں،میرا37سے40سال کا جمہوری سفر ہے جبکہ میں2سال فیڈریشن کا صدر اور6 سال ریجنل چیئرمین رہااور کبھی کسی کے ساتھ امتیاز نہیں برتا بلکہ میمن،اردو،پنجابی ،سندھی ،پختون،بلوچ سب کو ساتھ لے کرچلے ہیں اور آئندہ بھی ہم متحد رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی کا فیڈریشن ہاؤس،اسلام آباد کا کیپٹل آفس تعمیرکرایا جبکہ اسلام آباد میں سارک چیمبر کی بلڈنگ میں تعمیرکرارہا ہوں اور یہ کارنامہ ماضی میں کوئی بزنس لیڈر انجام نہیں دے سکا، کراچی میں فیڈریشن چیمبر آف کامرس کا ہیڈ کوارٹر ہے، اس کی حفاظت کی جائے،ہماراگروپ مضبوط اور ایک ہے،یو بی جی کے کارکنان شیر ہیں وہ اپنی طاقت کو ضائع نہ کریں،



آنے والی قیادت کے لیے تعلیم یافتہ نوجوان ایگزیکٹو کمیٹی اور جنرل باڈی میں بھیجیں تاکہ فیڈریشن کو مضبوط کیا جائے، ان نوجوانوں کومستقبل کی ذمہ داریاں سنبھالنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کو درست راہ پر گامزن کرنے میں رکاوٹ ڈالنے والے مخالفین سیاسی گٹھڑی کو نہ کھولیں ورنہ ان کے لیے بہت سے مسائل پیدا ہوجائیں گے لہٰذااس گٹھڑی کو سمجھداری کے ساتھ بند رہنے دیا جائے۔