فرانسیسی صدر کا اسلام مخالف بیان قابل مذمت ہے‘ سراج الحق

618

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ فرانسیسی صدر کی طرف سے دہشت گردی کو اسلام کے ساتھ جوڑنا نسلی تعصب کی بدترین مثال ہے، اسلام کے روشن چہرے کو بدنام کرنا مناسب نہیں، اسلام عالمی امن اور بھائی چارے کا علمبردار اور پوری دنیا کو اللہ کا کنبہ قرار دیتاہے،فرانسیسی صدر کی طرح اسلامی دنیا بھی دہشت گردی کے خلاف ہے ، اگر نیب کرپٹ لوگوں کو نہیں پکڑ سکتا تو دفاتر بند کر دے تاکہ قوم مزید کسی دھوکے میں نہ رہے ۔ کرپشن کے فروغ میں نیب کا بنیادی کردار ہے ۔ اربوں کھربوں لوٹنے والوں سے کروڑ لے کر انہیں آزاد کر دینے کا اختیار نیب کو کس نے دیا ہے ؟ قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے ضرور ی ہے کہ نیب کے چیئرمین کا تقرر عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس کی نگرانی میں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی کمیٹی کرے ،



جب تک عدالتیں انصاف شروع نہیں کریں گی ، جمہوریت مستحکم نہیں ہوسکتی ۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نیب کے پاس کرپشن کے سیکڑوں میگا اسکینڈلزہیں جن میں ملک و قوم کے اربوں ڈالر لوٹنے والے مجرموں کے متعلق تمام تر ثبوت موجود ہیں مگر وہ آزاد پھر رہے ہیں ۔عدالت عظمیٰ کے حکم پر نااہل وزیراعظم کے خلاف ریفرنس دائر ہوا مگر 3 طلبیوں کے بعد بھی نوازشریف یا ان کے خاندان کے کسی فرد نے نیب کے سامنے پیش ہونے کی زحمت گوارا نہیں کی، جس سے واضح ہوگیاہے کہ مجرموں کو اللہ کا خوف ہے نہ نیب کا ۔ اگر نیب میں مجرموں کے اپنے چہیتے نہ بیٹھے ہوتے تو ملک و قوم کو اس طرح بے دردی سے نہ لوٹا جاتا۔



انہوں نے کہاکہ نیب کے لیے اب ایک ہی راستہ بچاہے کہ وہ نقاب اتار کر مجرموں کے سامنے بھیڑ بن جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر نیب نے کرپٹ لوگوں کو پکڑنا ہی نہیں تو اسے دفاتر بند کردینے چاہئیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے عدالتوں کو مقدمات جلدنمٹانا اور عوام کو انصاف مہیا کرناہوگا ۔ عدل و انصاف کے بغیر ملک میں جمہوریت مستحکم نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ فرانسیسی صدر کی طرف سے دہشت گردی کو اسلام کے ساتھ جوڑنا نسلی تعصب کی بدترین مثال ہے ۔ ان کی طرف سے اسلام کے روشن چہرے کو بدنام کرنا مناسب نہیں ۔ اسلام عالمی امن اور بھائی چارے کا علمبردار ہے اور پوری دنیا کو اللہ کا کنبہ قرار دیتاہے ۔



انہوں نے کہاکہ عدل و انصاف اور قانون کی حکمرانی اسلام کا بنیادی وصف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فرانسیسی صدر کی طرح پوری اسلامی دنیا بھی دہشت گردی کے خلاف ہے جبکہ دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر دنیا بھر میں مسلمان ہورہے ہیں ۔