حکومت امریکا کے حوالے سے پالیسی واضح اور تعلقات پر نظر ثانی کرے‘ تحفظ پاکستان کنونشن

497
تحفظ پاکستان کنونشن میں حافظ نعیم الرحمن، پروفیسراین ڈی خان، حلیم عادل شیخ، شاہد غوری، یاسر سائیں اور دیگر اظہار یکجہتی کر رہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سیاسی و مذہبی جماعتوں نے امریکا پر واضح کیا ہے کہ وہ پاکستان کو قربانی کا بکرا نہ سمجھے پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے،اگر امریکا نے میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو پاکستانی قوم امریکا کو منہ توڑ جواب دے گی اور ہر پلیٹ فارم سے امریکا کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، پاکستان کو امریکی امداد یا تعاون کی ضرورت نہیں،امریکا و بھارت پاکستان کے خلاف سازشیں کرنا بند کردیں پاکستانی عوام پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں،امریکا و بھارت کو چین کے ساتھ سی پیک معاہدہ برداشت نہیں ہور ہا ہے جب سے یہ معاہدہ طے پایا ہے اس وقت سے امریکا اور بھارت نے پاکستان کے خلاف سازشیں تیز کردی ہیں امریکا کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے اور پاک فو ج کاشمار دنیا کی سب سے اچھی اور بہادر افواج میں ہوتا ہے۔



تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیانات کے حوالے سے انتہائی سخت موقف اختیارکرے اور امریکا سے تعلقات کے حوالے سے نظر ثانی کرے۔کنونشن میں امریکی صدرکے بیانات کے خلاف ایک مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی جو ان تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے امریکی قونصلیٹ آفس میں امریکی قونصل جنرل کو خط کی صورت میں پیش کی جائے گئی۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پی پی رہنما پروفیسر این ڈی خان نے کہا کہ یہ امریکا کی بہت بڑی بد قسمتی ہے کہ امریکا کا متنازع صدر ڈونلڈٹرمپ ہے جس نے پوری امریکی قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ امریکا نے پاکستان کے احسانوں کا بدلہ جسطرح سے دیا ہے یہ بھی تاریخ کا ایکحصہ ہے،پاکستان امریکا و بھارت اور دیگر دشمن ممالک کو اس لیے کھٹک رہا ہے کہ وہ واحد مسلم ایٹمی طاقت ہے۔



جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاگل قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا نہتے طالبان سے نہیں لڑسکا تو پاکستانی قوم سے کیا لڑے گا۔حکمراں، فوج اور عوام مل کر امریکا کا مقابلہ اور بھارت کو بھی زیر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ہمارا دوست نہیں دشمن ہے، وہ پاکستانی قوم کو غلام بنا کر رکھنا چاہتا ہے، ہمارے حکمران امریکا کے وفادار رہے ہیں لیکن ہمیں امریکی غلامی کسی بھی صورت قبول نہیں، امریکا پاکستان میں دہشت گردی کروارہا ہے۔پاک سر زمین پارٹی کے وائس چیئرمین وسیم آفتاب نے کہا کہ ہم امریکا سے برابری کی بنیاد پر دوستی رکھنا چاہتے ہیں،دہشت گردوں کی پناہ گاہیں افغانستان میں ہیں، افغٖانستان میں ناکامی کے بعد امریکی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری یونس بونیری نے کہا کہ امریکا پاکستان کا دوست نہیں ہوسکتا، امریکا یہ بات سوچ لے کہ تمام پاکستانی قوم ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہے اگر امریکا نے میلی آنکھ سے پاکستان کو دیکھنے کی کوشش کی تو اس کی آنکھیں نکال لی جائیں گی۔



ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی معین پیر زادہ نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیاں یہاں اس لئے جمع ہوئی ہیں کہ حکمران غفلت میں مبتلا ہیں لیکن عوام جاگ رہے ہیں۔ مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما پیر یاسر سائیں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اصل نقصان پاکستان کا ہوا ہے، اب ہمیں امریکا کی مدد اور تعاون کی ضرورت نہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔مسلم لیگ ق سندھ کے جنرل سیکرٹری طارق حسن نے کہا کہ امریکا و بھارت کے سامنے پاکستانی قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی۔کنونشن سے پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم،سنی تحریک کے رہنما شاہد غوری، کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر، عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری یونس بونیری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔