حیدرآباد میں صفائی کی ناقص صورتحال‘ شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل

849
حیدرآباد،مہر علی ہاؤسنگ اسکیم کے مکین بارش کے پانی کی عدم نکاسی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں 

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) حیدر آباد شہر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیروں سے شہر کچرا کنڈی کا منظر پیش کررہا ہے۔ عید قربان سے قبل صفائی ستھرائی کی نا قص صورتحال متوقع بارشوں اور قربانی کے جانوروں کی الائشوں سے مزید گمبھیر اور وبائی امراض پھیلنے کا سبب بن سکتی ہے۔ بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود گندے نالوں کی صفائی اور حفاظتی انتظامات نہ کیا جانا بلدیاتی اداروں کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی تنظیم آرائیاں حیدر آباد ڈویژن کے انفارمیشن سیکرٹری امتیاز علی آرائیں، چودھری محمد جمیل آرائیں، منور حسین آرائیں اور فیصل محمود آرائیں نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدر آباد شہر کے اکثر علاقوں میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال سے محسوس ہوتا ہے کہ لاکھوں نفوس کی آبادی والے شہر کا کوئی والی وارث نہیں ہے شہر اور لطیف آباد کے اکثر گنجان آباد ی والے علاقوں میں جگہ جگہ کچرے اور غلاظت کے ڈھیروں کی موجودگی سے شہر کچرا کنڈی کا منظر پیش کر رہا ہے اور نکاسی آب کی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں ہے۔



شہر کے اکثر مقامات گٹروں سے گندہ پانی ابل رہا ہے عید قربان میں صرف دوروز باقی ہیں۔ اگر صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کی یہی صورتحال رہی اور ان ہی کچرے کے ڈھیروں پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بھی پھینکے جانے اور متوقع بارش ہونے سے صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی گمبھیر اور تشویشناک ہونے اور وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔ اس کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود شہر کے بڑے گندے نالوں کی تا حال صفائی شروع نہیں کی گئی اور گندے نالے غلاظت اور کچرے سے اٹے پڑے ہیں۔ صورتحال بلدیاتی اداروں کی ناقص کار کردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، متعلقہ ادارے جلد شہر میں صفائی ستھرائی، نالوں کی صفائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کروائیں تاکہ شہری وبائی امراض سے محفوظ اور گندگی، غلاظت اور ذہنی عذاب سے نجات پا سکیں اور عید قربان سکون سے گزار سکیں۔