اسرائیلی فوج کے وحشیانہ چھاپوں میں 16 فلسطینی گرفتار

250
مقبوضہ بیت المقدس: قابض فوج نے حزما قصبے میں فلسطینی گھرانے کو مسمار کردہ مکان کی جگہ سے بھی بے دخل کردیا ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں اسرائیلی فوج کی جانب سے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں 16 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لینے کے بعد جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اسرائیلی فوج نے غرب اُردن اور بیت المقدس میں مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران سابق اسیرہ سمیت کم از کم 16 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے غرب اُردن کے وسطی اور جنوبی اضلاع، الخلیل شہر، بیت لحم، بیت المقدس، رام اللہ اور دیگر مقامات پر چھاپے مارے۔ قابض فوج نے الخلیل شہر میں جامعہ الخلیل کے مرکزی کیمپس پربھی چھاپا مارا جب کہ شہرمیں چھاپے کے دوران سابق اسیرہ اور طالبات رہ نما سجود صالح الدراویش کو حراست میں لے لیا۔



اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں تلاشی کے دوران16 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں سے بیشتر فلسطینی اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں پر مزاحمتی حملوں میں ملوث رہے ہیں۔