کراچی سمیت ملک کے اکثر حصوں میں بارش‘ نشیبی علاقے زیر آب‘ ہنگامی حالت نافذ

745
کراچی میں بارش کے باعث ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک جام ہے

کراچی /حیدرآباد/لاہور (اسٹا ف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی سمیت ملک کے اکثر حصوں میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس کے باعث ہنگامی حالت نافذ کردی گئی‘ بھارتی گجرات سے سندھ میں بارش کانیا سسٹم داخل ہونے کے باعث کراچی میں 2افراد جاں بحق ہوگئے‘ حیدرآباد، تھرپارکر اوربدین میں تیز ہواؤں سے گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں‘ آئی جی سندھ نے پولیس محکمے کورین ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔لاہور، مری، سرگودھا،جھنگ اورچنیوٹ میں بھی بارش ہوئی ‘ محکمہ موسمیات نے مزیدبارش کی پیش گوئی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارتی گجرات سے سندھ میں برسات کا نیاسسٹم داخل ہونے کے باعث کراچی میں بارش ہوئی‘ نارتھ ناظم آباد میں ایک نوجوان موٹرسائیکل سلپ ہونے سے جاں بحق ہوگیا‘لیاری کے علاقے چاکیواڑہ بہار کالونی میں جاوید نامی شخص کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا‘



گلشن حدید، لانڈھی، کورنگی، ملیر، ائرپورٹ، شاہ فیصل کالونی، شارع فیصل، گلزار ہجری، صفورا چورنگی، گلستان جوہر،گلشن اقبال،راشد منہاس روڈ، فیڈرل بی ایریا، گڈاپ، سہراب گوٹھ، سرجانی ٹاون، نارتھ کراچی، نیوکراچی، نارتھ ناظم آباد، ، گلبہار، لیاقت آباد،اورنگی ٹاون، بلدیہ ٹاؤن، سائٹ، شیرشاہ، منگھوپیر، پاک کالونی، لیاری، لسبیلہ، گارڈن، رامسوامی، رنچھوڑلائن، ایم اے جناح روڈ، گرومندر، نمائش، سولجر بازار، صدر، برنس روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، جوڑیا بازار، بولٹن مارکیٹ، کھارادر، میٹھا در، ٹاور، کیماڑی، ڈیفنس، کلفٹن سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بد ھ کی شب تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جا ری رہا‘ سپر ہائی وے مویشی منڈی میں بارش سے پہلے طوفانی ہوائیں چل پڑیں جس سے بڑی تعدا د میں ٹینٹ اکھڑ گئے اور بجلی کی فرا ہمی معطل ہو گئی‘مو یشی منڈی میں نکا سی آب کا منا سب انتظام نہ ہو نے کی وجہ سے مختلف بلاکس میں پا نی جمع ہو گیا۔



تیز بارش کے پیش نظر کراچی کی مویشی منڈی میں خریداری میں تیزی جبکہ قیمتوں میں کمی آئی ہے ‘کچھ بیوپاریوں نے جانور واپس اندرون سندھ بھیجنا شروع کردیے ہیں۔بارش شروع ہوتے ہی حسب معمول مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔تیز بارش کے باعث پانی جگہ جگہ جمع ہوگیا‘ پھسلن اور پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے‘ کئی جگہ ٹریفک جام ہوگیا اور لوگوں کو گھروں کی جانب جانے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ادھر کے الیکٹرک کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے موسم میں احتیاط ضروری ہے، شہری بجلی کے تاروں، کھمبوں اور پی ایم ٹی سے دور رہیں۔محکمہ موسمیات نے شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات پر موجود بارش کاسسٹم شدت اختیار کررہا ہے‘ممبئی میں بارش برسانے والا اور راجستھان میں بننے والا سسٹم ایک ہوچکے ہیں۔



آئی جی سندھ نے ٹریفک پولیس کو احکامات دیتے ہوئے کہاکہ متوقع شدید بارشوں کے تناظر میں رین ایمرجنسی پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اوربارشوں کے باعث زیر آب آجانے والی سڑکوں کے لیے متبادل روٹس اور ان کی تشہیر کو یقینی بنایا جائے‘نشیبی علاقوں کی شاہراہوں،انڈر پاسز سے پانی کی نکاسی کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں‘بارشوں کے پانی سے سڑکوں پر خراب ہوجانے والی گاڑیوں کو فوری ہٹاکر سڑکوں کو کلیئر کرنے کے اقدامات کیے جائیں‘تمام ایس ایس پیز ٹریفک متعلقہ سیکشن افسران کو علاقوں میں موجودگی کا پابند بنائیں‘ٹریفک ہیلپ لائن رہنما 1915 سے شہریوں کی رہنمائی کے عمل کو مزید موثر اور مربوط بنایا جائے۔علاوہ ازیں حیدر آباد میں بھی خوب بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔



لطیف آباد اور قاسم آباد سمیت کئی علاقوں میں بجلی بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دریں ازیں پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے۔ لاہور اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہکئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔سرگودھا میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ چنیوٹ اور جھنگ میں بھی تیز بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ مری اور اس کے گرد و نواح میں بوندا باندی نے وادی کے حسن میں اضافہ کر دیا۔