نواز شریف لندن پہنچ گئے‘ واپس نہیں آئینگے‘ پی ٹی آئی کو تشویش

364
لاہور: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف لندن جانے کیلیے علامہ اقبال ائر پورٹ آرہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت/آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور ائرپورٹ سے لندن روانہ ہو گئے‘وزیراعلیٰ پنجاب نے نااہل وزیراعظم کو الوداع کیا۔ ائرپورٹ پر سیکورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی اور تمام عملے سے موبائل فونز لے لیے گئے جبکہ تحریک انصاف نے نواز شریف کی لندن روانگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی کے امکانات نہیں‘ نیب تحقیقات کا حصہ بنے بغیر نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے تھی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف پرواز ای کے 625 کے ذریعے لاہور ائر پورٹ سے لندن روانہ ہو گئے‘ جہاں وہ اہلیہ اور بیٹوں کے ساتھ عید منائیں گے۔



وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اورآصف کرمانی نے نواز شریف کو الوداع کہا۔ ائرپورٹ پر تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو الرٹ رکھا گیا جبکہ ڈیوٹی پر مامور تمام عملے سے موبائل فونز بھی لے لیے گئے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے نااہلی کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کے لندن روانہ ہو نے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ نوازشریف لندن جاکر واپس نہیں آئیں گے‘نیب تحقیقات کا حصہ بنے بغیر نواز شریف کو وطن سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے تھی۔انہوں نے الزام لگایا کہ نواز شریف کے ساتھ خصوصی برتاؤ کیا جارہا ہے۔



سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بتایا کہ نواز شریف اس وطن سے دور رہنے کا انتخاب کیوں کریں گے جہاں لوگ ان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں‘نواز شریف لندن میں کم از کم 10 دن قیام کرسکتے ہیں تاہم ان کی واپسی بیگم کلثوم نوازکی میڈیکل رپورٹس پر منحصر ہے۔