یو بی ایل اور چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے مابین معاہدہ 

411
صدر وسی ای اویو بی ایل، سیما کامل، چیئرمین چائنا اوور سیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی ، ژہانگ باؤژہونگ معاہدے کے موقع پر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے بہترین بینک برائے 2016 ء ، یو بی ایل نے چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی (COPHC) کے ساتھ حال ہی میں گوادر اور اس کے فری اکنامک زونز کی اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے ’’تعاون کے فریم ورک‘‘ کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں۔دونوں ادارے اس بات پر متفق تھے کہ چین اور پاکستان کی اسٹریٹیجک قومی ترجیحات میں عام طور پر ’’ایک بیلٹ۔ ایک روڈ‘‘یا خصوصی طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے اقدام کے تحت، بینکنگ کی خدمات کے لیے تعاون کو فروغ دیا جائے۔ کراچی میں یو بی ایل ہیڈ آفس میں اس MoU پر دستخط کیے گئے، اس تقریب میں COPHC کے چیئر مین ، ژہانگ باؤژہونگ اور یوبی ایل کی صدر و سی ای او، سیما کامل نے دونوں اداروں کے سینئر ایگزیکٹوز کے ساتھ شرکت کی۔COPHC کے چیئر مین ژہانگ باؤژہونگ نے تقریب کے شرکاء کو مطلع کیا کہ گوادر کے لیے چار



نئے پراجیکٹس کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ COPHC نے گوادر بندر گاہ میں زیرِ تعمیر ڈھانچے کی ترقی کے لیے تقریباً 200 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ اور گوادر پورٹ کے ارد گرد 30 کروڑ امریکی ڈالر سے پانچ نئی کرینوں کی تنصیب کی گئی ہے۔ پورٹ اس سال کے آخر تک مکمل طور پر فعال ہوجائے گی۔ تجارتی سرگرمیوں کے لیے COPHC نے مصنوعات کی نمائش کے لیے وہاں ایک کاروباری مرکز قائم کیا ہے۔یو بی ایل کی صدر و سی ای او، سیما کامل نے تقریب میں کہا :’’یو بی ایل CPEC پراجیکٹس کی تکمیل پر ان کے معاشی فوائد سے آگاہ ہے ،اور ہم چین و پاکستان دونوں کے اقتصادی مفادات کی حمایت کرتے ہیں ۔ یو بی ایل کی ٹیم کا عزم ہے کہ وہ CPEC اور اس کے سرمایہ کاروں کو خدمات مہیا کرے۔‘‘