امریکا کا محکمہ جیل کو 2لاکھ ڈالر کے حفاظتی سامان کا عطیہ

182
امریکا کی جانب سے سندھ کے محکمہ جیل کو 2 لاکھ ڈالر کے حفاظتی سامان کا عطیہ دیے جانے کے موقع پر لی گئی تصویر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امریکا کی جانب سے سندھ کے محکمہ جیل کو 2لاکھ ڈالر کے حفاظتی سامان کا عطیہ دیا گیا۔امریکی محکمہ خارجہ کے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو کی جانب سے فراہم کیے جانے والے جدید ترین مگر ہلکے پھلکے ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹس سندھ بھر میں جیل سیکورٹی پر مامور 250اہلکاروں کو اپنی حفاظت میں مدد دیں گی۔جیلوں کے اہلکار خصوصاً وہ جو احاطے میں داخلی درازوں پر یا جیل کی عمارات کے باہر تعینات ہوتے ہیں‘ دہشت گردوں کا آسان ہدف ہوسکتے ہیں۔حفاظتی سامان عطیہ کیے جانے کے موقع پر آئی این ایل کے جیل سیکورٹی کے مشیر ولیم زلمان کا کہنا تھا کہ جیل کی سیکورٹی پر مامور عملے کی خدمات اتنی نمایاں نہیں ہوتیں مگر یہ فوجداری عدالتی نظام کا اہم ترین حصہ ہیں جو کراچی اور پاکستان کے لیے بے لوث خدمات انجام دے رہے ہیں۔



ان کی مدد ہمارے لیے قابل فخر ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاانفورسمنٹ بیورو نے سندھ پولیس کے ساتھ شراکت داری 2010ء میں شروع کی تھی۔آئی این ایل 90سے زائد ممالک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جرائم اور کرپشن کے خاتمے ، منشیات سے متعلقہ جرائم ختم کرنے اور پولیس کی صلاحیتیں بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے ۔یہ ادارہ قانون کے نفاذ اور شفاف عدالتی نظام کے لیے بھی کوششیں کرتا ہے ۔